افواج پاکستان کے ہوتے ہوئے پاکستان کی طرف کوئی میلی آنکھ اٹھا کر نہیں دیکھ سکتا ہے، حمزہ شہباز

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف کا کہا ہے کہ افواج پاکستان کے ہوتے ہوئے مادر وطن کی طرف کوئی میلی آنکھ اٹھا کر نہیں دیکھ سکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق یوم دفاع پاکستان پر اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ 6 ستمبر کے جانثاروں ،مجاہدوں ،غازیوں اور شہیدوں کی شجاعت و بہادری اور ولولہ انگیز قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

 حمزہ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قوم نے 6 ستمبر 1965 میں اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا ہے، محدود وسائل کے باوجود اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کا جس طرح سے مقابلہ افواج پاکستان نے کیا وہ دنیا کی عسکری تاریخ کا سنہری باب ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جذبہ ایمانی سے لبریز افواج پاکستان ملک کی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئی ہے، اس ناقابل تسخیر اور آہنی دفاع کو ایک مظبوط معیشت ہی تقویت دے سکتی ہے امید کرتا ہوں کہ پاکستان کی معیشت دوبارہ سے اپنے پیروں پر کھڑی ہو جائے۔

حمزہ شہباز کا مزید کہنا تھا کہ دشمن اب روایتی جنگ کے بجائے ففتھ جنریشن وار کر رہا ہے لیکن اس محاذ پر بھی اسے دندان شکن جواب دیا جارہا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ جس چمن کی آبیاری بہادر سپوتوں نے اپنے لہو سے کی ہو اس پر خزاں نہیں آتی اس دن کی مناسبت سے افواج پاکستان کی حب الوطنی اور عظمت کو سلام پیش کرتا ہوں۔

The post افواج پاکستان کے ہوتے ہوئے پاکستان کی طرف کوئی میلی آنکھ اٹھا کر نہیں دیکھ سکتا ہے، حمزہ شہباز appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email