طالبان کو بین الاقوامی قوانین اور روایات کا احترام یقینی بنانا ہوگا ، وزیر خارجہ

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ طالبان کو بین الاقوامی قوانین اور روایات کا احترام یقینی بنانا ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سکائی نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلسل کہہ رہا تھا کہ امن عمل، مذاکرات اور غیر ملکی افواج کے انخلاء کا عمل ساتھ ساتھ چلنا چاہیے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم ذمہ دارانہ انخلاء کا مطالبہ کر رہے تھے تاکہ عدم تحفظ کا احساس پیدا نہ ہو، ہماری خواہش تھی کہ انخلاء کے ساتھ ساتھ افغان عوام کے ساتھ انگیجمنٹ جاری رکھی جائے۔

شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ عجلت میں انخلاء،افغان عوام کو تنہا چھوڑنے کے مترادف ہے، یہی وہ غلطی تھی جو نوے کی دہائی میں کی گئی  اور اب ضرورت اس بات کی ہے کہ عالمی برادری اس غلطی کو نہ دہرائے اور افغانوں کو تنہا نہ چھوڑے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اگر افغانستان کو تنہا چھوڑا گیا تو خانہ جنگی کے ساتھ ساتھ عالمی دہشت گرد تنظیموں کو اپنی موجودگی بڑھانے کا موقع مل سکتا ہے۔

 شاہ محمود قریشی کا یہ بھی کہنا تھا کہ طالبان قیادت کی جانب سے سامنے آنے والے بیانات حوصلہ افزا ہیں، عالمی برادری میں ان بیانات کے حوالے سے اعتماد کا فقدان ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ میری رائے میں عالمی برادری کو اعتماد سازی کیلئے انہیں موقع دینا چاہیے، اگر طالبان اپنے بیانات کی عملی طور پر پاسداری کرتے ہیں تو ان پر اعتماد کیا جائے۔

 شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ افغانوں کی انسانی و مالی معاونت کو یقینی بنایا جائے تاکہ وہ اقتصادی طور پر دیوالیہ نہ ہو پائیں، دیوالیہ ہونے کی صورت میں نتائج مزید خطرناک ہو سکتے ہیں۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ طالبان کو بین الاقوامی قوانین اور روایات کا احترام یقینی بنانا ہوگا  جبکہ طالبان کو بھی ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھنا ہو گا۔

 شاہ محمود قریشی کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان پر بے بنیاد الزامات کا سلسلہ بہت عرصے سے جاری ہے۔ پاکستان نے خلوص نیت کیساتھ، افغانستان میں قیام امن کی عالمی کاوشوں میں معاونت کی، الزامات لگانے والوں کو یہ بات ضرور یاد رکھنی چاہیئے کہ طالبان پہلے سے افغانستان میں موجود تھے۔

 وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ یہ مت بھولیے کہ لاکھوں افغان مہاجرین پچھلی چار دہائیوں سے پاکستان میں موجود ہیں، طالبان کی کابل آمد سے افغان مہاجرین کے اندر وطن واپسی کی امید کا پیدا ہونا اور ان کی جانب سے مسرت کا اظہارفطری بات ہے۔

The post طالبان کو بین الاقوامی قوانین اور روایات کا احترام یقینی بنانا ہوگا ، وزیر خارجہ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email