شہر کے تمام حصوں میں بلاامتیاز و تفریق ترقیاتی کام کئے جائیں، مرتضیٰ وہاب

ترجمان حکومت سندھ و مشیر قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہر کے تمام حصوں میں بلاامتیاز و تفریق ترقیاتی کام کئے جائیں۔

تفصیلات کے مطابق ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے سائٹ ایریا میں بننے والی شاہراہ اور ہاکس بے روڈ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے غنی چورنگی سے براستہ لیبر اسکوائر حب ریور روڈ تک 6 کلو میٹر طویل بننے والی شاہراہ کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔

 ترجمان حکومت سندھ نے کہا کہ یہ شاہراہ 400 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر کی جا رہی ہے اس روڈ پر ڈھائی ڈھائی فٹ کے گڑھے تھے اور یہ یہ سڑک ٹریفک کے قابل نہیں تھی۔ اس سڑک کو موٹر ایبل بنا دیا گیا ہے ایک ہفتے کے اندر کارپیٹنگ شروع کردی جائے گی۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے یہ بھی کہا کہ ایک فیکٹری کے مالک نے حکم امتناع لیا ہوا ہے لیکن مفاد عامہ کی خاطر ان سے ملتمس ہوں کہ وہ اس سے دستبردار ہوں تاکہ اس اہم سڑک کو تھرو کیا جاسکے۔

ترجمان حکومت سندھ کا کہنا تھا کہ ہماری پالیسی ہے کہ شہر کے تمام حصوں میں بلاامتیاز و تفریق ترقیاتی کام کئے جائیں جبکہ جو سڑک بھی تعمیر ہو اسٹریٹ لائٹس اور شجر کاری کا کام بھی مکمل کیا جائے۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہاکس بے روڈ تعمیر کردی گئی ہے روڈ پر شجر کاری اور اسٹریٹ لائٹس کی فراہمی فوری شروع کی جائے۔

ترجمان حکومت سندھ نے کہا کہ ہاکس بے جانے والوں کے لئے یہ سڑک انتہائی اہم تھی اور جمعہ سے اتوار کے دوران ہزاروں کی تعداد میں شہری اپنی فیملیوں کے ساتھ تفریح کی غرض سے ہاکس بے جاتے ہیں۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے یہ بھی کہا کہ ہاکس بے سڑک کی تعمیر معیار کے مطابق کی گئی ہے امید ہے کہ اس سے ایک طویل عرصے شہریوں کو سہولت ملتی رہے گی۔

ترجمان حکومت سندھ و مشیر قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ ہاکس بے کے ایک حصے پر دو فیکٹریاں بنی ہوئی ہیں ان کے مالکان سے گزارش کروں گا کہ اگر وہ انہیں ہٹا دیں تو ٹریفک کی روانی انتہائی بہتر ہوجائے گی۔

واضح رہے اس سے قبل ترجمان حکومت سندھ و مشیر قانون مرتضیٰ وہاب کی زیر صدارت کے ایم سی کے محکمہ جاتی سربراہان کا اجلاس ہوا تھا ۔

ترجمان حکومت سندھ نے کہا تھا کہ ریونیو جمع کرنے والے تمام محکمے اپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں، مالی سال کے پہلی سہ ماہی کا ریونیو ہدف تمام محکمے پورا کریں۔

مرتضیٰ وہاب نے یہ بھی کہا  تھا کہ مالی سال کے پہلی سہ ماہی کا ریونیو ہدف تمام محکمے پورا کریں، کے ایم سی کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لئے محکمہ جاتی سربراہان اسے مالی طور پر مستحکم کریں۔

ترجمان حکومت سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی چڑیا گھر کو ایس او پیز کے تحت شہریوں کے لئے کھول دیا گیا ہے، کے ایم سی کے 14 کرکٹ گراؤنڈ آباد کئے جائیں تاکہ باصلاحیت نوجوانوں کو کھیلنے کے مواقع میسر آئیں۔

مرتضیٰ وہاب کا یہ بھی کہنا تھا کہ سب کا مقصد اس شہر کی تعمیر و ترقی اور شہریوں کی خدمت ہونی چاہیے، حکومت سندھ سے جو مدد درکار ہوگی وہ کے ایم سی کو فراہم کی جائے گی۔

ترجمان حکومت سندھ و مشیر قانون مرتضیٰ وہاب کا مزید کہنا تھا کہ باغ ابن قاسم، سفاری پارک اور دیگر کے ایم سی کے پارکوں کو تفریح و طبع کی جدید سہولتوں سے آراستہ کریں گے اور کے ایم سی کی تمام زمینوں کو قبضہ مافیا سے خالی کرائیں گے۔

The post شہر کے تمام حصوں میں بلاامتیاز و تفریق ترقیاتی کام کئے جائیں، مرتضیٰ وہاب appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email