ہندوکش سنو فیسٹیول وادی مدک لشٹ چترال میںرنگارنگ تقریب سے آغاز

چترال (زیل ڈیسک) محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا کے زیرانتظام کلچراینڈ ٹورازم اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ چترال لوئر اور ہندوکش سنو سپورٹس کلب کے باہمی اشتراک سے چترال کی خوبصورت وادی مدک لشٹ میں ہندوکش سنو سپورٹس فیسٹیول کا رنگارنگ تقریب سے آغاز ہو گیا۔ فیسٹیول میں دس غیر ملکی کھلاڑیوں اور ٹرینرز سمیت مقامی کھلاڑی بھی کثیر تعداد میں شریک ہیں۔

فیسٹیول کا افتتاح اسسٹنٹ کمشنردروش چترال عبدالحق نے کیا ۔ اس موقع پر محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا کے عہدیداران، ضلعی انتظامیہ چترال، ہندوکش سنو سپورٹس کلب ،مقامی افراد اور ملکی و غیر ملکی سیاح کثیر تعداد میں موجود تھے۔ فیسٹیول کے پہلے روز غیر ملکی سکی ٹرینرز نے فیسٹیول میں شریک مقامی کھلاڑیوں کو سکینگ سے متعلق ٹریننگ اور اہم معلومات فراہم کیں جبکہ ساتھ ہی سکینگ کرنے کے گربھی سیکھائے ۔

سکینگ کے مقابلوں میں 500 سے زائد مقامی و دیگرکھلاڑیوں سمیت 10 غیر ملکی کھلاڑی بھی شریک ہیں جن میں 5سکینگ کھلاڑی اور 5 سنوبورڈرزکھلاڑی شامل ہیں ۔ فیسٹیول میں مقامی کھلاڑیوں کو سکینگ کا سامان بھی فراہم کیا جائے گا۔ تین روزہ فیسٹیول میں سکینگ، سنو بورڈنگ ، آئس سکیٹنگ، آئس ہاکی، سنو ٹریکنگ، برف کی مجسمہ سازی ، سلالم اور گرینٹ سلالم مقابلوں سمیت باربی کیو نائٹ اور موسیقی محفل کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔گزشتہ سال بھی محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا نے ضلعی انتظامیہ اور ایک مقامی سنو سپورٹس کلب کے تعاون سے کامیاب ایونٹ کا انعقاد کیا تھا۔

Print Friendly, PDF & Email