گورنمنٹ سینٹنل ماڈل ہائی سکول چترال میں یوم والدین کی تقریب

چترال(زیل نمائندہ) گورنمنٹ سینٹنل ماڈل ہائی سکول چترال کے سبزہ زار میں یوم والدین کی تقریب منعقد ہوئی۔ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرنوراللہ صدر محفل اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر چترال منہاس الدین مہمان خصوصی تھے۔ بڑی تعداد میں درس وتدریس سے وابسطہ شخصیات،والدین،طلباء،صحافی حضرات اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے حضرات نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے پرنسپل کمال الدین نے کہا کہ یہ تاریخی سکول چترال میں تعلیمی ترقی کے حوالے سے نمایان کردار کا حامل ہے ۔انہوں نے معیار تعلیم میں بہتری کے حوالے سے اساتذہ اور والدین کی کاوششوں کو سراہا اور توقع ظاہر کی کہ آنے والے وقتوں میں بھی یہ ادارہ اسی طرح کردار ادا کرتا رہے  گا۔ تقریب میں سکول کے بچوں نےحمدونعت کے ساتھ ملی نغمہ،تقاریر،خاکے ،ٹیبلواورنظم پیش کیے۔یوم والدین کے تقریب سے عبدالحافی،محی الدین ،رحمت غازی اور دوسروں نے بھی خطاب کرتے ہوئے سکول کی علمی ترقی میں کردار کو سراہا۔

اس موقع پر تقریب کے مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر چترال منہاس الدین نے تعلیم کی اہمیت و افادیت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے بغیر قوموں کی ترقی ممکن نہیں اور ہم صرف تعلیم کو ہتھیار کے طور پرا ستعمال کرکے ہی ترقی کرسکتے ہیں۔انہوں نے سکول ہذٰا کی علمی ترقی میں نمایان کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ سکول ماضی میں بھی علمی ترقی میں کردار کا حامل رہاہے اور موجودہ وقت کے ساتھ مستقبل میں بھی اسی طرح کردار ادا کرتا رہے گا۔ صدر محفل ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر حافظ نوراللہ نے اپنے صدارتی خطبے میں سکول کی انتظامیہ اور اساتذہ کے ساتھ طلباء کی محنت اور کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا اور امیدظاہر کی کہ آنے والے وقتوں میں بھی یہ ادارہ اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے  مثالی کردار ادا کرے گا۔ اس سے پہلے پوزیشن ہولڈرز طلباء میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے اور بہترین کارکردگی پیش کرنے پر اساتذہ کو بھی اسناد دئیے گئے۔

تجار یونین کے صدر شبیراحمد پوزیشن ہولڈر طالب علم کو شیلڈ دے رہے ہیں
Print Friendly, PDF & Email