سماگول نوگرام میں پیدل کا پل دریا برد،لوگوں کو مشکلات کا سامنا

موڑکھو(زیل نمائندہ) چترال کے بالائی علاقہ سماگول نوگرام کے لیے ایم ایم اے کے دور میں بننے والاپیدل کا پل دریامیں پانی کا بہاؤ زیادہ ہونے کی وجہ سے دریا برد ہوگیا ہے جس کی وجہ سے قاق لشٹ کی طرف سے موڑکھو آنے والوں کے لیے مشکلات کا سامنا ہے۔ناصرالدین ناظم ویلیج کونسل نوگرام کا کہنا ہے کہ تین دن پہلے یہ پل دریابرد ہوگیا جس کی وجہ سے پیدل سفر کرنے والوں کے لیے سخت مشکلات درپیش ہیں اور لوگ دریا کے اُس پار اپنی ضروریات زندگی نہایت پر خطر پہاڑی راستوں پر چڑھ کر لاتے ہیں۔
فیصل جو نویں کلاس کا طالب علم ہے اس کا کہنا ہے کہ جب سے یہ پل گرا ہوا ہے اس دن سے ہم سکول نہیں جاتے اور میرے جیسے اور بھی کئی سکول کے بچے تعلیم سے محروم رہ گئے ہیں ۔ انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس پُل کو جلد از جلد دوبارہ تعمیر کرے تاکہ نہ صرف سکول کے بچے سکول جاسکے بلکہ علاقے کے لوگ بھی اپنی ضروریات زندگی آسانی سے اس پل سے گزر کر لائیں۔ واضح رہے کہ یہ علاقہ 2015 کے سیلاب میں بری طرح متاثر ہوا تھا اس وقت آس پاس تمام پل سیلاب کی وجہ سے تباہ ہوئے تھے صرف یہ پل بچ گیا تھا جو اب تباہ ہوا۔ پل کا آدھا حصہ دریا میں پڑا ہے اور آدھا حصہ ٹھیک ہے جسے آسانی سے دوبارہ مرمت کیا جاسکتا ہے۔

Print Friendly, PDF & Email