ادارہ محافظ بیت الاطفال میں آزادی مشاعرہ

چترال (زیل نمائندہ) جشن آزادی  کے حوالے سے ادارہ محافظ بیت الاطفال دنین چترال کے زیر انتظام آزادی مشاعرے کا انعقاد کیا گیاجس میں چترال کے مختلف علاقوں سے بڑی تعداد میں شعراءنے شرکت کی۔ مشاعرے کی صدارت انجمن ترقی کھوار حلقہ پشاور کے کنوینئر خواجہ سعید احمد سعید  نے کی جبکہ مہمان خصوصی آر پی ایم ( ایس آر ایس پی ) طارق احمد تھے۔ نظامت کے فرائض محبوب الحق حقی اور انتظامی امور شہزادہ مبشر الملک کی زیر نگرانی تھی۔

محفل کے آغاز میں شہزادہ مبشر الملک نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے  ادارہ محافظ ویلفئیر آرگنائزیشن کی اجمالی تعارف اورخدمات پر روشنی ڈالی۔ اس کے بعد شعراءنے یوم آزادی کے عنوان سے کلام پیش کیے۔آزادی مشاعرے میں حصہ لینے والے شعراء میں شہزادہ مبشرالملک، خواجہ سعید احمد سعید، گل مراد خان حسرت ،صادق اللہ صادق، محبوب الحق حقی، وارث خان وارث، محمد نواز رفیع، افضل حسین محجون، ثناءاللہ ثانی، شیر اکبر صبا، افضل اللہ افضل، شیر بڑانگ خان گداز، مطیع الرحمن قمر، احتشام الدین، محمد شریف عروج اور اختر اعظم اخترشامل تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے محفل مشاعرے کے مہمان خصوصی آر پی ایم (ایس آر ایس پی ) طارق احمد نے ادارہ محافظ بیت الاطفال کی خدمات کوششوں کو سراہا اور یتیم بچوں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کی۔صدارتی خطبے میں خواجہ سعید احمد سعید نے کہا کہ شاعری احساسات کا ترجمان ہوتا ہے اور احساسات کی ترجمانی میں شعرو شاعری سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں۔انہوں نے ادارہ محافظ بیت الاطفال کے منتظمین کو شاندار محفل مشاعرہ منعقد کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور آئندہ بھی اس طرح کے پروگرامات کے انعقاد پر زور دیا۔ اس سے پہلے ادارہ محافظ بیت الاطفال کے سربراہ مولانا عماد الدین نے تمام مہمان شعراءکو محفل کو رونق دینے، اور یتیم بچوں سے خصوصی محبت اور حوصلہ افزائی پر ان کا شکریہ ادا کیااور ادارے کے اغراض و مقاصد  بارے حاضرین  کو آگاہ کیا۔

Print Friendly, PDF & Email