خیبر سکول اینڈ کالج موری لشٹ میں جشن آزادی کی پروقار تقریب اور خصوصی ایوارڈ شو

موری لشٹ(زیل نمائندہ)ملک بھر کی طرح چترال کے مختلف  تعلیمی اداروں میں  بھی جشن آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔  یوم آزادی کے حوالے سے ایک پروقار تقریب خیبر سکول اینڈ کالج موری لشٹ میں منعقد ہوئی جس  میں علاقہ کوہ کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے طلبہ ،اساتذہ کرام،کالج کے پوزیشن ہولڈر طلبہ سمیت معززین علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔جشن آزادی کی تقریب میں علاقہ کوہ کے تعلیمی اداروں کے طلبہ نے ملی نغمے پیش کرکے حاضرین سے خوب داد حاصل کی۔ اس موقع پر یوم آزادی اور تحریک آزادی کے موضوع پر طلبہ نے اپنی تقاریر میں آزادی کو ایک نعمت قرار دیا اور کہا کہ پاکستان ایک بڑی جدوجہد اور قربانیوں کے نتیجے میں حاصل کیا گیا ہے ۔اس موقع پریوسی کوہ کے مختلف پرائیویٹ اور سرکاری سکولوں کے چھٹی جماعت سے لیکر دسویں جماعت تک پہلی ،دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو خصوصی ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔طلبہ میں ایوارڈز تقسیم کرنے کے بعد تقریب کے مہمان خصوصی معروف قانون دان عبدالولی خان عابد نے اپنے خطاب میں  

تمام پوزیشن ہولڈرز طلباء وطالبات کے والدین اور اساتذہ کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ طلباء و طالبات میں تعلیمی مقابلے مثبت انداز میں ہونے چاہئیں۔ اس معاملے میں والدین اور اساتذہ کرام اپنا اپنا کردار ادا کریں اور انسانیت کی فلاح و بہبود کی تعلیم دیں تاکہ ایک بہترین معاشرے کی تشکیل ہوسکے۔ انہوں نے یونین کونسل کوہ میں ایک ایسی تنظیم بنانے پر زور دیا جو کہ یوسی کوہ میں موجود قابل طلباء و طالبات کو مالی وسائل فراہم کرکے ان کو آگے لے جانے میں مدد فراہم کرسکے اور ان طلباء و طالبات کی قابلیت اور تجربات پر غور کرکے ان کو آگے لے جاسکے ۔مہمان خصوصی نے خیبر سکول اینڈ کالج کی لیبارٹری کے لیے 20 ہزار روپے کا بھی اعلان کیا۔  
تقریب کے صدر پرنسپل عتیق الرحمن نے پوزیشن ہولڈرز طلباء وطالبات کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی شعبے کی ترقی کےلیے تعلیم بہت ضروری ہے اور تعلیم کا مقصد نوکری کا حصول نہیں بلکہ کچھ کر دکھانے کاعزم ہونا چاہئیے ۔انہوں نے پروگرام کے انعقاد پر  انتظامیہ کی کاوشوں کو بھی بے حد سراہا اور ان تقریبات کو کرانے میں ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کی۔اس سے پہلے نوجوان شاعر اور ادیب ولی زمان مسرور نے چترال میں بڑھتی ہوئی خودکشیوں کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سکولوں میں بچوں اور بچیوں کے مابین مقابلے کرائے جاتے ہیں جس کی وجہ سے اکثر بچے امتحان میں کم نمبر آنے پر ناامید ہوجاتے ہیں اور خودکشی کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے والدین کی  کیٹیگری بیان کرتے ہوئے کہا  کہ اکثر والدین کے سخت رویہ بھی بچوں کی خودکشی کا سبب بن سکتا ہے۔تقریب کے اختتام پر ڈائریکٹر خیبر سکول اینڈ کالج  فیض الرحمن اورمنیجنگ ڈائیریکٹر محمد نایاب فارانی نےتقریب میں شریک تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔

Print Friendly, PDF & Email

تبصرہ

  1. پچھلے کے ساتھ جوڑیں High Achivers Award Ceremony at KCE – Khyber College