چترال میں جشن آزادی کی مرکزی تقریب پولوگراؤنڈمیں منعقدہوئی

چترال(زیل نمائندہ) ملک کے دوسرے علاقوں کی طرح چترال میں بھی جشن آزادی شایان شان طریقے سے منایا گیا۔مرکزی تقریب چترال سکاؤٹس ،ضلعی انتظامیہ اور ضلعی حکومت کے مشترکہ تعاون سے پولوگراؤنڈ چترال میں منعقد ہوئی۔بہت بڑی تعداد میں خواتین و حضرات، تعلیمی اداروں کے طلبہ اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ پرچم کشائی کی تقریب کے بعد بچوں کے ملی نغموں سے فضا گونج اٹھی اور ہر طرف پاکستان زندہ باد اورجشن آزادی کے فلگ شگاف نعرے بلند ہوئے۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس کرنل معین الدین نے کہا کہ آزادی سے بڑھ کر کوئی چیزقیمتی نہیں ہوتی اور آج ہم اس قیمتی چیز کی قدروقیمت کو جانتے ہوئے آزادی کی ۷۱ویں تقریب منارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ آزادی ہمیں بیش بہا قربانیوں کے نتیجے میں ملی ہے جس کی ہمیں ہر لمحے میں قدرکرنی چاہئیے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر چترال خورشید عالم محسود نے کہا کہ آزادی ایک بڑی نعمت ہے اس سے بڑھ کر دنیا میں کوئی چیز نہیں۔ آزادی کا دن منانا بھی ہم سب پر لازم ہے۔اس موقع پر ضلع ناظم حاجی مغفرت شاہ نے کہا کہ  آزادی کی حفاظت ہماری اجتماعی اور قومی ذمہ داری ہے۔ آزادی کی قدر و قیمت مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے مسلمانوں سے پوچھنی چاہیے جو بھارت اور اسرائیل کے ظلم کا شکار ہیں۔ آزادی کا جشن مناتے ہوئے ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ پاکستان کی ترقی کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ وطن عزیز کی سالمیت پر کبھی آنچ نہیں آنے دیں گے اور وقت آنے پر پاک فوج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑیں ہوں گے جو دہشتگردوں کے خلاف سربکف ہیں۔جشن آزادی کی تقریب سے دوسرے مقررین نے بھی خطاب کرتے ہوئے آج کے دن کو ہماری تاریخ کا ایک اہم دن قراردیا۔ اس موقع پر بچوں نے تحریک پاکستان کے موضوع پر تقاریر کے ساتھ ملی نغمے ،خاکے اور آزادی کے گیت پیش کیے۔ چترال سکاؤٹس،چترال پولیس اورچترال لیویز کے چاق و چوبند جوانوں نے سلامی دی  اور سکول کے بچوں نے پی ٹی شو کا بھی مظاہرہ کیا۔ جشن آزادی کے تقریب کے بعد ایک دوستانہ پولو میچ کا بھی اہتمام کیا گیاجس میں شائقین کی کثیر تعداد موجود تھی۔

 جشن آزادی کی تقریب میں شریک طلبہ ٹرافیوں کے ساتھ،عقب میں کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس،ڈی سی چترال اور ضلع ناظم
پرچم کشائی کی تقریب میں چترال سکاؤٹس، چترال پولیس اور چترال لیویز کے جوان سلامی کرتے ہوئے، بچے فاختے ہوا میں چھوڑتے ہوئے

Print Friendly, PDF & Email