گولین روغیل میں خطرناک سیلاب، کئی بکریاں اور عارضی مکانات سیلاب برد

گولین(زیل نمائندہ)گزشتہ دنوں گولین ویلی کے گرمائی چراگاہ روغیل میں گرج چمک کےساتھ تیز بارش کے نتیجے میں خطرناک سیلاب آیا جس کے نتیجے میں عارضی مکانات منہدم ہونے کے ساتھ کئی بکریاں سیلابی ریلوں کی زد میں آکر ہلاک ہوگئیں۔آخری اطلاعات آنے تک کسی جانی نقصان کی کوئی خبر موصول نہیں ہوئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق گزشتہ دنوں گولین ویلی کے بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش شروع ہوئی اور چند لمحوں بعد خوف ناک سیلاب آیا جس کے نتیجے میں بوبکہ گولین کے رہائشی محمد رفیع کی پچاس سے زائد بکریاں سیلابی ریلوں کی زد میں آکر ہلاک ہوگئیں۔سیلاب کے نتیجے میں چرواہوں کے عارضی طورپر بنائے گئے  مکانات منہدم ہونے کے ساتھ ساتھ کئی ایکڑ پر مشتمل زمینات بھی سیلاب میں بہ گئیں۔سیلاب کی صورت حال اور امدادی کاموں کے حوالے سے ہمارے نمائندے سے بات کرتے ہوئے گولین کے رہائشی حضرت حسین نے بتایا کہ سیلاب کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کاموں میں شریک ہوئے اور وہاں پر موجود لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔

Print Friendly, PDF & Email