ڈی ایچ کیو ہسپتال چترال میں صفائی کی طرف توجہ دینے کی ضرورت

چترال (زیل نمائندہ)ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چترال میں صفائی کی صورت حال اور کُوڑا کرکٹ کو بروقت ٹھکانے نہ لگانے کی شکایات روز موصول ہورہی ہیں جس کی وجہ سے نہ صرف مریضوں کو صاف ماحول کی دستیابی میں مشکلات ہیں بلکہ مریضوں کے ساتھ آنے والوں کو بھی اذیت اٹھانی پڑتی ہے۔ ہسپتال میں کافی تعداد میں صفائی کا عملہ ہونے کے باؤجود بھی اس کی طرف بھرپور توجہ نہیں دی جاتی ہے جس کی وجہ سے کافی سوالات جنم لیتے ہیں۔یہ بات بھی روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ بحیثیت قوم ہم میں صفائی کے حوالے سے احساس نہ ہونے کے برابر ہے۔ ہم ارادی اور غیر ارادی طور پر بالعموم پبلک مقامات اور بالخصوص ہسپتالوں میں گند پھیلانے اور صفائی کا خیا ل نہ رکھنے میں سب سے آگے ہیں۔اس کی زندہ مثال زنانہ سرجیکل وارڈ کے سامنے نالے اور صحن میں کُوڑا کرکٹ کا ڈھیرہے جس  کی وجہ سے نہ صرف ماحول خراب ہوتا ہے بلکہ بیماریاں پھیلنے کا خدشہ بھی ہوتا ہے۔ صفائی کا عملہ مخصوص جگہوں پر صفائی کرکے رفو چکر ہو جاتے ہیں اور یہ کچرے اسی طرح پڑے رہتے ہیں۔یہ ہمار ی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ہم ہسپتال میں صفائی کی صورت حال کو برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں اور بے جاطورپر گندگی پھیلانے اور غیرضروری کُوڑا کرکٹ زمین پر پھینکنے سے گریز کریں۔

Print Friendly, PDF & Email