حکومت پائیدار معاشی شرح نمو کیلئے پرعزم ہے، وزیر خزانہ

وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ حکومت پائیدار معاشی شرح نمو کیلئے پرعزم اور پیداواری صلاحیت بڑھا رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ شوکت ترین سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر سے ملاقات ہوئی جس میں وزیر خزانہ نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر کو ملکی معاشی صورتحال پر بریفنگ دی۔

ملاقات میں وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ پاور سیکٹر میں اصلاحات اور محصولات بڑھانے کی کوششیں نتیجہ خیز ثابت ہوئیں۔

 شوکت ترین کا کہنا تھا کہ اقتصادی مشاورتی کونسل کے ذریعے قلیل، وسط اور طویل المدتی منصوبہ جات کی تشکیل کی جارہی ہے جبکہ حکومت پائیدار معاشی شرح نمو کیلئے پرعزم اور پیداواری صلاحیت بڑھا رہی ہے۔

وزیر خزانہ شوکت ترین کا مزید کہنا تھا کہ اقتصادی مشاورتی کونسل نے معیشت کے 14 شعبوں میں اصلاحات تیار کی ہیں، کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کیلئے مختلف اسکیموں کا آغاز کیا جائے گا۔

اس موقع پر  کنٹری ڈائریکٹر اے ڈی بی کا کہنا تھا کہ پاکستان کیلئے ویکسین سپورٹ پروگرام کے تحت 50 کروڑ ڈالر کی منظوری دی جن میں سے 31 کروڑ 40 لاکھ ڈالر پہلے ہی تقسیم کئے جاچکے ہیں۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر کا مزید کہنا تھا کہ اے ڈی بی سنگل ونڈو کے ذریعے پاکستان کی مدد کے مختلف آپشنز پر غور کررہا ہے، تین سالہ پروگرام کے تحت ہر تین سال میں پاکستان کو 2 ارب ڈالر فراہم کئے جائیں گے۔

واضح رہے اس سے قبل قومی اسمبلی میں وزیر خزانہ شوکت ترین نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایف بی آر کے نظام کو مستقل بنیادوں پر اوسطا مہینے میں تقریبا 71000 بار سائبر حملوں کا نشانا بنایا جاتا ہے، یہ حملے گزشتہ 2 سالوں میں تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ہیکنگ کمیونٹی کے پاس موجود ٹولز اور طریقے زیادہ طاقتور اور جدید ہیں، گزشتہ 3 سالوں میں ایف بی آر کے سسٹم کی تین بار تقریبا 0.0001 فیصد کی شرح سے متاثر کیا گیا، تیسرے فریق کی مدد سے تحقیقات جاری ہیں۔

شوکت ترین نے کہا تھا کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے تحت بیرون ملک مقیم پاکستانی اکاؤنٹ کھول سکتے ہیں، اوورسیز پاکستانی اپنا گھر اسکیم میں بھی خرید سکتے ہیں، گزشتہ سال اوورسیز پاکستانیوں نے 29 ارب ڈالر کے زرمبادلہ بھجوائے، روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ پروگرام میں اوورسیز پاکستانی پروفیشنلز کو ٹارگٹ کیا گیا۔

وزیر خزانہ شوکت ترین کا مزید کہنا تھا کہ 5 ارب ڈالر کا بڑا معاشی پیکج سعودی عرب نے پاکستان کو دیا، سعودی عرب پاکستان کو دوبارہ نیا معاشی پیکج دینے پر سوچ رہا ہے، سعودی عرب پاکستان کو تاخیر سے ادائیگی پر تیل کی فراہمی پر بھی سوچ رہا ہے، خام تیل کی عالمی قیمتوں میں اضافے کے بعد پاکستان نے سعودی عرب سے درخواست کی ہے۔

The post حکومت پائیدار معاشی شرح نمو کیلئے پرعزم ہے، وزیر خزانہ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email