حکومت قبضہ شدہ زمین کو واگزار کرانے کیلئے اقدامات کررہی ہے، وزیرِاعظم

وزیرِاعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت قبضہ شدہ زمین کو واگزار کرانے کیلئے اقدامات کررہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم  عمران خان کی زیرِ صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ و تعمیرات کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم کو چیئرمین سی ڈی اے نے اسلام آباد میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔

اجلاس کے دوران بریفنگ دیتے ہوئے وزیراعظم کو بتا یا گیا کہ سیکٹر I-15 کی تکمیل ایک سال کی قلیل مدت  میں یقینی بنائی گئی، نیا پاکستان ہاؤسنگ کے تحت فراش ٹاؤن اور دیگر انفراسٹرکچر کے منصوبے بھی جلد مکمل کر لئے جائیں گے۔

بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ اسلام آباد میں جنگلات کی زمین کے ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن بھی تقریباً مکمل کی جا چکی ہے جبکہ اسلام آباد اور لاہور سمیت پورے ملک میں ڈیجیٹل میپنگ اور سرکاری زمینوں کی نشاندہی پر  بھی کام تیزی سے جاری ہے۔

بریفنگ دیتے ہوئے مزید کہا گیا کہ ڈویلپمنٹ زونز پیری اربن سیٹلمنٹس کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گے اور منصوبے سے زمین کا بہتر استعمال اور غیر قانونی سوسائٹیوں کی روک تھام میں مدد بھی ملے گی۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیرِاعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت ماحولیاتی تحفظ کیلئے جنگلات کی زمینوں کی حفاظت کو یقینی بنا رہی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ فوڈ سیکیورٹی اور موسمیاتی تبدیلی اس وقت بشمول پاکستان دنیا بھر کا سب سے اہم مسئلہ ہے، حکومت قبضہ شدہ زمین کو واگزار کرانے کیلئے اقدامات کررہی ہے۔

وزیرِاعظم عمران خان نے ہدایت دی کی قبضہ شدہ زمین کو واگزار کرانے کیلئے قانون کا سختی سے نفاذ یقینی بنایا جائے، کیڈسٹرل میپمنگ سے ڈیڈ کیپٹل کی نشاندہی  اور اس کا بہتر استعمال ممکن ہو سکے گا۔

اجلاس میں وزیرِ مملکت فرخ حبیب، معاونِ خصوصی ڈاکٹر شہباز گِل اور متعلقہ اعلی افسران نے  شرکت کی۔

واضح رہے اس سے قبل  وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں سی پیک کے اہم منصوبے کے وی 600 مٹیاری تا لاہور ٹرانشمیشن لائن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ دنیا بھرمیں کورونا کے باعث قیمتوں میں اضافہ ہوا ، کورونا کے باعث ملک میں بہت مسائل کا سامنا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ لائن لاسز بڑھنے سے نقصان عوام کو مہنگی بجلی کی صورت میں بھرنا پڑتا ہے، صنعتوں کی ترقی کے بغیر ملک میں دولت نہیں آسکتی، دولت میں اضافے سے ہم قرض اتار سکتے ہیں ، اپنی دولت میں اضافہ کرکے قرضوں کا بوجھ نیچے لائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا تھا کہ  ٹرانسمیشن لائنز پرانی ہونے سے لوگوں کو بجلی نہیں ملتی ، مٹیاری لاہور اسٹیٹ آف آرٹ منصوبہ ہے، کورونا کے باعث سی پیک کے منصوبوں میں مسائل آئے ، سی پیک کے منصوبے اب تیزی سے آگے جا رہے ہیں ،2018 سے اب تک تیزی سےمنصوبے کو مکمل کیاگیا۔

وزیراعظم عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ لائن لاسز17 فیصد سے کم ہوکر4 فیصد پر آگئے، ٹرانسمیشن لائنیں پرانی ہوچکی، لائن لاسز بہت زیادہ ہیں ، لائن لاسز اتنے ہیں بجلی ہوتے ہوئے بجلی نہیں پہنچا سکتے، ٹرانسمیشن لائن پر سرمایہ کاری نہیں کی گئی، پرانی ٹرانسمیشن لائنوں پر17 فیصد لاسز ہیں۔

انہوں نے اشیاء کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق کہا  تھا کہ کورونا کی وجہ سے سپلائی چین متاثر ہوئی اور یوں پوری دنیا میں اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا لیکن یہ عارضی طور پر ہے اور جیسے ہی ویکسی نیشن کا عمل مکمل ہوگا تو معمولات زندگی بحال ہوجائے گی۔

The post حکومت قبضہ شدہ زمین کو واگزار کرانے کیلئے اقدامات کررہی ہے، وزیرِاعظم appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email