بجلی اور گیس کے بلوں نے غریب کو پریشان کیا ہوا ہے ، نوازشریف

سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ بجلی اور گیس کے بلوں نے غریب کو پریشان کیا ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف نے پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے جب مسلم لیگ(ن) بنانے کا فیصلہ کیا تو اکثریت کی رائے تھی نئے نام سے جماعت بنائی جائے ، میری اور کچھ اور لوگوں کی رائے تھی کہ ہمیں مسلم لیگ کو بند کمروں سے نکال کر باہر لانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کو منظم کرنے کو قومی مشن سمجھ کر پورا کریں ، ہمارے ملک کو 74 سال سے زخم لگ رہے ہیں کیو نکہ منظم نہیں اور نہ بیداری ہے ، اب اپنا دفاع بھی کرنا ہے اور ظالم کو بھی بتانا ہے کہ تم کو حق نہیں ہم پر ظلم کرو ۔

سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ جنگوں سے تباہ ہونے والے ملک بھی اٹھ کھڑے ہوتے ہیں ، جرمنی اور جاپان کی مثالیں ہمارے سامنے ہیں ، لوگوں کو لائنوں میں لگ کر آٹا اور چینی مل رہا ہے ، عام آدمی کے گھر میں آج فاقے ہیں ، اسکولوں کی فیس ادا نہیں ہورہی ،ہم ابھی بھی بھوک کا شکار ہیں۔

دوسری جانب مسلم لیگ(ن)کی نائب صدر مریم نواز نے پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی ایسا شخص موجود نہیں جو ووٹ کی حرمت اور آئین کی بالادستی پر یقین نہ رکھتا ہو ، اسی سے ہی پاکستان ترقی کرے گا۔

مسلم لیگ(ن)کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ میاں صاحب نے اپنی تقریر میں کہا انہوں  نے لڑائی سے بچنے کی پوری کوشش کی لیکن میں انکو یاد دلانا چاہتی ہوں میاں صاحب عزت نفس کا خیال رکھنے والے شخص ہیں ، میاں صاحب نے لڑائی سے بچنے کےلیے اپنے درینہ ساتھی پرویز رشید،مشاہد اللہ خان اور فاطمی صاحب کی قربانیاں دیں۔

انہوں نے کہا کہ جیسے امریکہ ڈومور کہتا رہا یہ کرتے رہے ، آپ جتنا پیچھے ہٹیں گے آپ کو اتنا دبانے کی کوشش کرینگے ، پھر وہی ہوا انہوں نے میاں صاحب کی قربانی مانگی ، نوازشریف نے اپنے لیے کبھی کچھ نہیں مانگا بلکہ ان کو عہدے کھونے پڑے ، نہ انہوں نے کبھی کہا مجھے دولت دے دو ، ہمارا واحد کاروبار تھا جو پانچ سال سے بند ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ ان کا پروگرام تھا کہ ان کو معاشی طور پر اتنا کمزور کردو کہ یہ ٹوٹ جائیں ، نوازشریف نے ووٹ کی عزت مانگی ، آج وہ سرخرو ہوئے ہیں ، میڈیا اور الیکشن کمیشن بھی بول رہا ہے،یہ زبان انکو میاں نوازشریف نے دی ، 74 سال سے کسی کے پاس بیانیہ نہیں تھا ، آج جب بیانیہ ملا تو جج بھی بول رہے ہیں اور میڈیا بھی بول رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے ساتھی پریشان نہ ہوں ، آپ کا بیانیہ طول پکڑ رہا ہے ، لوگ خدمت کو یاد کرتے ہیں تو انکو مسلم لیگ ن یاد آتی ہے ، لوگوں کو کوڑے کے لگے ڈھیر دیکھ کر شہبازشریف یاد آتا ہے ، مسلم لیگ ن پہلے سے زیادہ مضبوط ہے ، کسی ایم این اے اور ایم پی اے کو توڑ نہیں سکے ، یہ امریکہ اس لیے نہیں گیا اس کو ملنے اور تسلیم کرنے کو کوئی تیار نہیں۔

مسلم لیگ(ن)کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ یہ جو ایک پیج کی بات کرتے ہیں وہ بھی ناکام ہوا ، یہ ایک پیج ہونے اور دھاندلی کے باوجود ہار جاتا ہے ، کہاں ہیں وہ جو کہتے تھے نوازشریف ختم ہوگیا ، آج بھی انکے دن کا آغاز نوازشریف سے ہوتا ہے ، کابینہ میں بھی نوازشریف کی بات ہوتی ہے ، پارٹی کے لوگ ملک مفاد کےلیے کام کریں عزت اور کامیابی آپ کا مقدر ہوگی۔

The post بجلی اور گیس کے بلوں نے غریب کو پریشان کیا ہوا ہے ، نوازشریف appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email