افغانستان سے انخلاء نے امریکہ کی ساکھ کو بہت نقصان پہنچایا ہے، چیئرمین جوائنٹ چیفس

امریکا کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل مائیک ملی کا کہنا ہے کہ افغانستان سے انخلاء نے امریکہ کی ساکھ کو بہت نقصان پہنچایا ہے۔

تفصیلات کے مطابق امریکا کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل مائیک ملی نے ہاؤس آف آرمڈ فورسز کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ  افغان جنگ ان شرائط پر ختم نہیں ہوئی جو طالبان کے ساتھ ہم چاہتے تھے، افغان جنگ ایک اسٹریٹجک ناکامی تھی۔

جنرل مائیک ملی نے کہا کہ جنگ میں شکست پچھلے 20 دن یا 20 ماہ میں نہیں ہوئی، یہ اسٹریٹجک فیصلوں کے ایک سلسلےکا مجموعی اثر ہے، ہم نے امریکیوں کو القاعدہ سے بچانے کے لیے اسٹریٹجک ٹاسک پورا کیا۔

انہوں نے کہا ہے کہ یقیناً حتمی صورت حال اس سے یکسر مختلف تھی جو ہم چاہتے تھے، جب بھی کوئی ایسا واقعہ ہوتا ہے اس کے مختلف عوامل ہوتے ہیں، ہم ان عوامل کا جائزہ لینے جا رہے ہیں، یہاں بہت سارے سبق سیکھے گئے۔

امریکا کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل مائیک ملی نے مزید کہا ہے کہ اپریل میں صدر بائیڈن نے 31 اگست تک افغانستان سے مکمل فوجی انخلا کا حکم دیا جبکہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے طالبان سے امریکی فوج کے انخلاء کا معاہدہ کیا تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز سینٹ کام کمانڈر جنرل مکنزی نے سینیٹ کمیٹی میں افغان صورت حال پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ میرا خیال تھا کہ امریکی فوج افغانستان میں رہنی چاہیے کیونکہ امریکی فوج کے انخلاء سے افغان فوج کی ساکھ متاثر ہو گی۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ طالبان کے زیر اثر افغانستان کی طرف سے پاکستان پر دباؤ بڑھ سکتا ہے اور آنے والے دنوں میں پاکستان کے لیے مشکلات بڑھ سکتی ہیں۔

The post افغانستان سے انخلاء نے امریکہ کی ساکھ کو بہت نقصان پہنچایا ہے، چیئرمین جوائنٹ چیفس appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email