بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق ہونا چاہیے، فروغ نسیم

وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا ہے کہ بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق ہونا چاہیے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی الیکشن ہارتا ہے کہتا ہے کہ الیکشن منصفانہ نہیں ہوئے۔

 وفاقی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ بیرونِ ملک پاکستانی 29 ارب ڈالر کی ترسیلات زر بھیجتے ہیں، بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق ہونا چاہیے، اپوزیشن کی بات سمجھ نہیں آئی، کیوں اس کی مخالفت کر رہے ہیں۔

 فروغ نسیم نے کہا کہ ماڈرن ڈیوائسز کا قانون تو الیکشن ایکٹ میں موجود تھا، ماڈرن ڈیوائسز کا قانون تو ن لیگ نے پاس کیا تھا۔

وفاقی وزیر قانون کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ خواجہ آصف نے کہا ایف بی آر کی انٹرنیٹ ہیکنک ہوئی ہے، یہاں ای وی ایم میں انٹرنیٹ تو ہے ہی نہیں۔

 فروغ نسیم نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین بھی ماڈرن ڈیوائس ہے یہ انٹرنیٹ سے منسلک نہیں ہے۔

وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم نے مزید  کہا کہ ای وی ایم کے جتنے بھی عملی مظاہرے ہوئے ایک بھی غلطی نہیں نکلی، پارلیمنٹ ایکٹ آف پارلیمنٹ کے تحت الیکشن کے طریقہ کار دے سکتی ہے۔

واضح رہے اس سے قبل وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزارت قانون کے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں۔

وفاقی وزیر قانون نے کہا تھا کہ وکلاء کے مسائل کے حل کے لیے وزارت قانون ان کے ساتھ ہے۔

فروغ نسیم نے یہ بھی کہا تھا کہ وزارت قانون میں کسی قسم کی کوئی تفریق نہیں، کسی کے مذہب اور فرقے سے فرق نہیں پڑتا۔

وفاقی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ کوئی ایسا کام نہیں کرنا جو آئین و قانون اور بنیادی حقوق کے خلاف ہو، شہریوں کی داد رسی صرف قانون بنانے سے نہیں بلکہ قانون کی عمل داری سے ہوگی۔

وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم کا مزید کہنا تھا کہ اچھی قانون سازی میں بار ایسو سی ایشنز وزارت قانون کا ساتھ دے۔ وزارت قانون اور پارلیمنٹ قانون بناتی ہے اور بنابھی رہی ہے لیکن عمل داری بار یا بینچ سے ہوگی۔

The post بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق ہونا چاہیے، فروغ نسیم appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email