نیب کو قانون پر عملدرآمد اور ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے قائم کیا گیا ہے، چئیرمین نیب

چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب کو قانون پر عملدرآمد اور مربوط انداز میں ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے قائم کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نیب کے آپریشن اینڈ پراسیکیوشن ڈویژن کی مجموعی کارکردگی سے متعلق جائزہ لینے کے لئے اجلاس ہوا جس میں چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے اجلاس کی صدارت کی، چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ نیب کی انسداد بدعنوانی کی حکمت عملی کامیاب رہی ہے، نیب نے بدعنوان عناصر سے 538 ارب روپے ریکور کئے ہیں۔

جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ نیب کو قانون پر عملدرآمد اور مربوط انداز میں ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے قائم کیا گیا ہے، نیب کرپشن فری پاکستان 100 فیصد ترقی کے لئے بدعنوانی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر یقین رکھتا ہے، نیب بدعنوانی سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کے لئے پرعزم ہے۔

چئیرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ بدعنوانی کے خاتمے کو قومی فرض سمجھ کر ادا کر رہے ہیں۔

نیب کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق نیب کو اپنے قیام سے اب تک 4 لاکھ 96 ہزار 460 شکایات وصول ہوئی، ان میں سے 4 لاکھ 87 ہزار 124 شکایات نمٹا دی گئیں، نیب نے 16 ہزار 93 شکایات کی جانچ پڑتال کی منظوری دی، 15 ہزار 378 شکایات کی تصدیق کا عمل مکمل کیا گیا، نیب نے 10 ہزار 241 انکوائریوں کی منظوری دی جن میں سے 9 ہزار 275 انکوائریاں مکمل کی گئیں۔

اعلامیے کے مطابق نیب نے 4 ہزار 654 انویسٹی گیشنز کی منظوری دی جس میں سے 4 ہزار 358 مکمل کی گئیں، نیب نے مختلف احتساب عدالتوں میں 3 ہزار 754 بدعنوانی کے ریفرنس دائر کئے جن میں سے 2477 ریفرنسز کے فیصلے احتساب عدالتوں نے سنائے ہیں، اس وقت مختلف احتساب عدالتوں میں 1277 ریفرنسز زیر سماعت ہیں جن کی مالیت 1335 ارب روپے بنتی ہے۔

The post نیب کو قانون پر عملدرآمد اور ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے قائم کیا گیا ہے، چئیرمین نیب appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email