لیسکو کا ڈینگی سے بچاؤ کے حفاظتی اقدامات کے لئے مراسلہ جاری

لیسکو نے ڈینگی سے بچاؤ کے حفاظتی اقدامات کے لئے مراسلہ جاری کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان لیسکو کا کہنا ہے کہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے تمام دفاتر، گرڈ اسٹیشنز اور رہائشی کالونیوں میں ڈینگی کی ممکنہ افزائش سے بچاؤ کے اقدامات کے لئے مراسلہ جاری کر دیا ہے۔

   لیسکو ترجمان کے اعلامیے کے مطابق لیسکو ریجن میں بارشوں کے موسم میں ڈینگی مچھر اور دیگر حشرات الارض کی افزائش کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، لیسکو ملازمین کی صحت کی حفاظت کے پیشِ نظر احتیاطی اقدامات کے طور پر بارش کے پانی کو ذیادہ دیر کھڑا نہ رہنے دیا جائے، باغیچوں کی کٹائی چھٹائی کا خاص خیال رکھیں۔

اعلامیے کے مطابق نکاسی آب کی جگہ کو کور رکھیں، پانی کے نلوں کی لیکج کا خیال رکھیں اور اگر کسی باعث پانی کی نکاسی بروقت نہ ہو سکے تو اس پانی پر مٹی کا تیل یا ڈیزل کا چھڑکاؤ کر دیا جائے تاکہ ڈینگی لاروا کی افزائش کو روکا جا سکے۔

لیسکو ترجمان کے اعلامیے کے مطابق منیجر سول کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ لیسکو دفاتر اور لیسکو اسٹورز میں ڈینگی اسپرے کے حوالے سے ضروری انتظامات کریں تاکہ لیسکو دفاتر اور اسٹورز کو 100 فیصد ڈینگی جیسی وباء سے پاک کیا جا سکے، لیسکو اپنے ملازمین کی صحت اور حفاظت کو ہر لمحہ مقدم رکھتا ہے۔

واضح رہے کہ سندھ میں ڈینگی کے 24 گھنٹوں میں 24 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ  کراچی میں 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 14 کیسز رپورٹ ہوئے  ہیں۔

 محکمہ صحت سندھ  کی رپورٹ کے مطابق سندھ میں ستمبر کے مہینے میں ڈینگی کے 426 کیسز رپورٹ ہوئے ،کراچی میں ستمبر کے مہینے میں ڈینگی کے 300 کیسزرپورٹ ہوئے ہیں۔

 کراچی  کے ضلع وسطی میں 105، ضلع شرقی میں 66، ضلع جنوب میں 43، ضلع کورنگی میں 34، ضلع ملیر میں 25 اور ضلع غربی میں 27 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

The post لیسکو کا ڈینگی سے بچاؤ کے حفاظتی اقدامات کے لئے مراسلہ جاری appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email