اپوزیشن کی سیاست کا مقصد اپنی کرپشن بچانا ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی سیاست کا مقصد اپنی کرپشن بچانا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سابق حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کے باعث ملک اپنی اصل منزل سے ہٹ گیا۔

عثمان بزدار نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے دعوے زیادہ اور کام کم کئے ، اپوزیشن کو چھوٹی سوچ سے نکل کر وسیع تر قومی مفاد کا خیال رکھنا چاہیے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان کے مفاد کے خلاف کام کرنا حب الوطنی نہیں جبکہ ملکی مفادات کے سامنے ذاتی مفادات کی  بھی کوئی حیثیت نہیں۔

سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا  کہ ہماری حکومت نے تین برس کے دوران عوامی فلاح کے بے شمار پراجیکٹس شروع کیے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ پاکستان کے مفادات کو مقدم رکھا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مزید کہا کہ عوام کی خدمت کے سفر کو مزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے۔

واضح رہے اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اراکین پنجاب اسمبلی ندیم قریشی اور مامون تاڑر سے ملاقات کی  تھی جس میں اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٰ پنجاب کو اپنے حلقوں کے ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت سے آگاہ کیا تھا ۔

عثمان بزدار نے کہا  تھا کہ عوامی نمائندوں کی مشاورت سے ترقیاتی منصوبوں کو تکمیل تک پہنچایا جائے گا، ترقیاتی منصوبوں کی تشکیل اور تکمیل میں اراکین اسمبلی کی تجاویز کو اہمیت دی جاتی ہے۔

عثمان بزدار نے کہا  تھا کہ ہم پسماندہ اور نظرانداز کردہ علاقوں کے ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ کررہے ہیں، ترقی ہر شہر، قصبے اور دیہات کا حق ہے، عوام کو ان کاحق لوٹا رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا  مزید کہنا تھا کہ میں ہر ضلع اور شہروں کے دورے کر کے مسائل کا جائزہ لے رہا ہوں، عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے ہر ضلع، تحصیل اورعلاقے تک جاؤں گا۔

The post اپوزیشن کی سیاست کا مقصد اپنی کرپشن بچانا ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email