بھارت اقوام متحدہ کی ناک تلے 9 لاکھ کشمیریوں کا استحصال کر رہا ہے، فیاض الحسن چوہان

وزیر جیل خانہ جات و ترجمان حکومت پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ بھارت اقوام متحدہ کی ناک تلے 9 لاکھ کشمیریوں کا استحصال کر رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر جیل خانہ جات و ترجمان حکومت پنجاب فیاض الحسن چوہان نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں تقریر جامع پالیسی اسٹیٹمنٹ تھی اور عمران خان نے تقریر میں برابری، غربت کے خاتمے اور ماحولیاتی تبدیلیوں پر بات کی ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ عمران خان نے اپنی تقریر میں عالمی رہنماؤں کو کرونا، غربت اور منی لانڈرنگ سے بچنے کی ترغیب دی اور عمران خان نے دنیا، بالخصوص بھارت میں بڑھتے اسلاموفوبیا کی طرف توجہ دلائی ہے۔

وزیر جیل خانہ جات نے کہا کہ بھارت اقوام متحدہ کی ناک تلے 9 لاکھ کشمیریوں کا استحصال کر رہا ہے اور بھارت میں ہندوتوا کا بڑھتا رجحان خطے میں امن کے لیے خطرہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات آنے والی نسلوں کے لیے نقصان دہ ہیں اور وزیرِ اعظم عمران خان کا بلین ٹری سونامی پراجیکٹ دیگر ملکوں کے لیے قابلِ تقلید مثال ہے۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے تقریر میں غریب سے امیر ممالک میں لوٹی گئی دولت کی ترسیل پر سنگین تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ ترقی پذیر ممالک سے منی لانڈرنگ کے 7 کھرب ڈالر امیر ملکوں میں پڑے ہیں۔

وزیر جیل خانہ جات و ترجمان حکومت پنجاب فیاض الحسن چوہان کا مزید کہنا تھا کہ ہر انسان کی ویکسی نیشن کی مفت اور جلد فراہمی کے لیے عالمی طاقتیں آپس میں مل جائیں۔

The post بھارت اقوام متحدہ کی ناک تلے 9 لاکھ کشمیریوں کا استحصال کر رہا ہے، فیاض الحسن چوہان appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email