ہم نے جو کچھ کہا آج سچ ثابت ہو رہا ہے،شہباز شریف

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم نے جو کچھ کہا آج سچ ثابت ہو رہا ہے، ہم نے کہاتھا کہ بجٹ کے بعد مہنگائی اور ٹیکسوں کا نیا سیلاب آئے گا، حکومت نے ہماری بات سچ ثابت کی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف  نےگیس کی قیمتوں میں 35 فیصد اضافے کی اطلاعات کی شدید مذمت کی اور فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ  آئی ایم ایف کا بجٹ تھا، حکومت اس کی شرائط پوری کر رہی ہے، حکومت نے قوم سے ٹیکس فری بجٹ کا جھوٹ بولا تھا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ بلاجواز اور حکومت کی ایک اورسنگین حماقت ہے ،عوام میں مزید مہنگائی برداشت کرنے کی ہمت اور سکت نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ  ظلم در ظلم بند کیاجائے عمران نیازی اپنی پے درپے حماقتوں سے ملک میں خانہ جنگی کرانے پر تلے ہیں۔

قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ  پہلے ہی گیس، بجلی کی قیمتوں میں تاریخی اضافہ ہوچکا ہے قیمتوں میں مزید اضافہ سے مسئلہ حل نہیں ہوگا، مسئلہ حکمرانوں کی نااہلی اور کرپشن ہے ۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ مسئلے کا حل ہوتا تو بجلی کے بعد گیس کا گردشی قرض قوم کے گلے نہ پڑتا، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے سے عوام کی زندگی مزید جہنم بن جائے گی ۔

ان کا کہنا تھاکہ گیس کی قیمت بڑھنے سے روٹی کی قیمت بڑھے گی، عوام کے بل مزید بڑھ جائیں گے پہلے بھی کہاتھا کہ حکومت معیشت کا نائن الیون کرچکی ہے، اب مہنگائی سے قوم کا تورا بورا بنا رہی ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ  مہنگائی جس رفتار سے کی جارہی ہے، ثبوت ہے کہ حکومت کو معیشت کی الف ب بھی معلوم نہیں قوم کو مہنگائی سے مارنے کا گناہ کرنے کے بجائے عمران نیازی گھر چلے جائیں ۔

قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ  آٹا ،چینی، گھی، دوائی بجلی گیس سمیت ہر چیز مہنگائی کی حدیں توڑ چکی ہے ،مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے، غریب کا جینا حرام ہوگیاہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ اسی ہفتے پہلے بجلی میں 5 سے 35 فیصد اضافہ کیاگیا، اب گیس کی قیمت میں 35 فیصداضافے کی تجویز ہے ،یہ اس ملک کے غیور عوام کے ساتھ ظلم ، زیادتی اور سنگین مذاق ہے ۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران نیازی کی نااہلی کا خمیازہ ملک کے عوام کب تک بھگتیں گے، 141فیصد گیس کی قیمت حکومت پہلے ہی بڑھا چکی ہے، حکومت کا دعویٰ تھا کہ قیمت بڑھانے سے گیس کمپنیوں کا خسارہ کم ہوگا، حقیقت یہ ہے کہ قیمت بڑھانے کے باوجود گیس کمپنیاں جتنا خسارہ آج کررہی ہیں ، تاریخ میں پہلے کبھی نہیں ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ  دو سال ہوچکے ہیں لیکن گیس کمپنیاں  نہ اپنا آڈٹ کراسکیں اور نہ ہی اپنے اکاؤنٹس عوام کے سامنے پیش کرسکی ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر کا کہنا تھا کہ  عمران نیازی کی نااہلی سے گیس کمپنیاں تباہ ہوگئیں اور قیمتوں میں بھی ہوشربا اضافہ ہوچکا ہے ،آج دنیا کی سب سے مہنگی ایل این جی پاکستان خرید رہا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن)  کے صدر اور قائد حزب اختلاف  شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ  جنوبی ایشیاءمیں بجلی اور گیس بھی سب سے مہنگی پاکستان میں ہے ،آج دنیا میں سب سے زیادہ مہنگائی پاکستان میں ہے اور سب سے کم آمدن بھی پاکستان میں ہے۔

The post ہم نے جو کچھ کہا آج سچ ثابت ہو رہا ہے،شہباز شریف appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email