گیس کی قیمتوں پر مزید اضافہ ظالمانہ اقدام ہوگا ، وزیر توانائی سندھ

وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے کہا ہے کہ گیس کی قیمتوں پر مزید اضافہ ظالمانہ اقدام ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے پاور ڈویژن کی تجویز پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاور ڈویژن کی جانب سے گھریلوں صارفین پر گیس کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز ناقابل عمل ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ موسم سرما میں 35 فیصد اضافے کی تجویز عوام دشمن اقدام ہے ، حکومت اور ادارو میں موجود عوام دشمن عناصر اپنی مرضی کے فیصلے عوام پر مسلط کررہے ہیں۔

وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے کہا ہے کہ پاور ڈویژن اور اوگرا میں بابو قسم کے لوگ براجمان ہیں ، ان لوگوں کو عوام کی تکالیف اور پریشانیوں کا کوئی احساس نہیں ہے ، مہنگائی اور بیروزگاری نے پہلے ہی عوام کی زندگی اجیرن کی ہوئی ہے۔

اس سے قبل وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے مہنگی آر ایل این جی خریدنے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ تین ماہ میں آر ایل این جی کی خریداری میں قومی خزانے کو 83 ارب کا خسارہ ناقابل برداشت ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ کوئی ادارہ موجودہ حکمرانوں کا احتساب کرنے کو تیار نہیں، پی ٹی آئی حکومت کے تین برس عوام کے اوپر تین برسوں کے برابر ثابت ہوئے، آر ایل این جی کے سودے دیر سے کرنے کی وجہ سے عوام کو موسم سرما میں گیس کے شدید بحران کا سامنا ہوگا۔

امتیاز شیخ نے کہا تھا کہ حکمرانوں کی نااہلی اور کرپشن کی وجہ سے سی این جی سیکٹر ختم ہونے کے دھانے پر ہے، سی این جی اسٹیشن کی بندش کی وجہ سے ہزاروں افراد بیروزگار ہوجائیں گے۔

وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے مزید کہا تھا کہ مہنگی آر ایل این جی کی خریداری کی وجہ سے بجلی کی پیداواری قیمت میں بھی تاریخی اضافہ ہوگا، حکمرانوں کی نااہلی اور کرپشن کا خمیازہ عوام کو تاریخی مہنگائی کی صورت میں بھگتنا ہوگا۔

The post گیس کی قیمتوں پر مزید اضافہ ظالمانہ اقدام ہوگا ، وزیر توانائی سندھ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email