افغانستان میں قیام امن پاکستان سمیت پورے خطے کیلئے خصوصی اہمیت کا حامل ہے، وزیر خارجہ

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ افغانستان میں قیام امن پاکستان سمیت پورے خطے کیلئے خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے چھہترویں اجلاس کے موقعے پر بیلجیئم کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سوفی ولیمز کی ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات اور افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے گزشتہ ماہ ہونے والی ٹیلیفونک گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان بیلجیئم کو یورپی یونین میں پاکستان کا اہم تجارتی شراکت دار سمجھتا ہے۔

 شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان وزیراعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں اقتصادی ترجیحات کے ایجنڈے پر توجہ مرکوذ کیے ہوئے ہیں۔

وزیر خارجہ نے پاکستان اور بیلجیئم کے درمیان دو طرفہ تجارتی و اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے حوالے سے پاکستان کی حمایت پر بیلجیئم کی نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔

ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ کے مابین افغانستان کی موجودہ صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ افغانستان میں انسانی و اقتصادی بحران کے خطرے کو سامنے رکھتے ہوئے، عالمی برادری کو چاہیے کہ افغان عوام کی معاؤنت کیلئے ٹھوس اور مؤثر اقدامات اٹھائے، اس مشکل وقت میں افغان عوام کی انسانی و معاشی معاؤنت، عالمی برادری کی طرف سے مثبت پیغام رسانی کا ذریعہ ثابت ہوگی۔

بیلجیئم کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سوفی ولیمز نے کابل سے بیلجیئم کے سفارتی عملے کے محفوظ انخلاء میں پاکستان کی جانب سے فراہم کردہ خصوصی تعاون پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور پاکستانی قیادت کا شکریہ بھی ادا کیا۔

ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نےدو طرفہ تعلقات کے استحکام اور علاقائی صورتحال کے حوالے سے مشاورت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

The post افغانستان میں قیام امن پاکستان سمیت پورے خطے کیلئے خصوصی اہمیت کا حامل ہے، وزیر خارجہ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email