پاکستانی مٹی کا عمان کی کرکٹ میں اہم کردار

پاکستانی مٹی کی خوشبو نے عمان کرکٹ کو مہکا دیا جب کہ بھارتی ماہرین بھی انٹرنیشنل معیار کی پچ کیلیے پاکستانی کلے استعمال کرنے پر مجبور ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق  عمان میں مختصر طرزکے میگا ایونٹ کا ابتدائی راؤنڈ17 اکتوبر کو شروع ہوگا،6 میچز کی میزبانی3 روز میں عمان کے شہر مسقط کو الامارات اسٹیڈیم میں کرنی ہے۔

اسٹیڈیم کو انٹرنیشنل معیار کا بنانے کیلیے کام کرنے والے بھی بھارتی ماہرین ہیں، اس کے باوجود وہ پچ کیلیے پاکستانی مٹی استعمال کرنے پر مجبور ہوگئے۔

فیلڈ کا درمیانی حصہ پاکستانی کلے سے تیار کیا گیا ہے  ،یہ زیادہ پرانی بات نہیں ہے جب اس گراؤنڈ میں کرکٹ ایک سیمنٹ پچ پر کھیلی جاتی تھی ور اردگرد ریت تھی، مگر میگا ایونٹ کے میچز کی میزبانی کیلیے اس گراؤنڈ کو انٹرنیشنل معیار میں ڈھالا گیا ہے۔

اس منصوبے پر کام کرنے والے آرکیٹیکٹ ڈیزائن کنسلٹنٹ دامودر کاٹی نے کہاکہ جب ہم نے یہاں پر قدم رکھا تو یہ جگہ کسی کلب ہاؤس کا منظر پیش کررہی تھی، ہم نے تزئین و آرائش کیلیے ماسٹر پلان تیار کر کے آئی سی سی کے سامنے پیش کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمل درآمد سے 80 فیصد ضروریات پوری ہوجائیں گی، باقی 20 فیصد کیلیے کچھ چھوٹی سی تبدیلیوں کی ضرورت تھی، ہمارے لیے فکرمندی کی بات وقت کا بہت کم ہونا تھی۔

دامودر کاٹی  کا کہنا تھا کہ منصوبے پر برق رفتاری سے کام شروع ہوا،اس کیلیے 5 ماہ درکار تھے مگر ہم نے 11 ہفتوں میں کردکھایا، اب میگا ایونٹ کی پہلی گیند میں ابھی 3 ہفتوں سے زائد وقت ہے ،ہمارا 75 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔

 کاٹی کے ساتھ اس منصوبے پر روپک ادیشی بھی کام کررہے ہیں،ان کا تعلق بھی بھارت سے ہی ہے۔

واضح رہے کہ اسٹیڈیم میں جدید طرز کی فلڈ لائٹس نصب کردی گئی ہیں، گھاس لگائی گئی ہے، عارضی اسٹینڈز سے تماشائیوں کی گنجائش4 ہزار تک کردی جائے گی۔

The post پاکستانی مٹی کا عمان کی کرکٹ میں اہم کردار appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email