سی پیک طویل مدتی ترقیاتی اور خوشحالی کا منصوبہ ہے، وزیراعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سی پیک طویل مدتی ترقیاتی اور خوشحالی کا منصوبہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اسلام آباد میں ہونے والی سی پیک کی 10ویں جوائنٹ کوآپریشن کمیٹی (جے سی سی) کے اجلاس میں بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی ۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے جے سی سی کو وڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ہر آنے والی حکومت نے چین کے ساتھ اعتماد، عزت اور احترام کا تعلق مضبوط کیا ہے۔

سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سی پیک چین کے صدر شی جن پنگ اور صدر آصف زرداری کی وجہ سے وجود میں آیا جبکہ صدر زرداری کے چین کے مسلسل دوروں سے سی پیک کی فنڈنگ رکھی گئی اور صدر زرداری نے علاقائی سڑکوں کے ذریعے رابطہ، ترقی اور امن امان کی منصوبوں کی بھی  بات کی۔

انہوں  نے کہا کہ سندھ حکومت سمجھتی ہے کہ سی پیک ایک ایسی ترقی ہے جو پاکستان کو مزید مضبوط اور ترقی یافتہ  بنائے گی، سی پیک نہ صرف روڈ پروجیکٹ ہے بلکہ یہ طویل مدتی ترقیاتی اور خوشحالی کا منصوبہ ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ  پیپلز پارٹی حکومت ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ پاکستان خوشحالی کے رستے پر شان و شوکت سے گامزن رہے اس لئے ہم سی پیک کے تحت کول بیسڈ پاور پروجیکٹس پر تیزی سےکام کر رہے ہیں جبکہ اب  تھر کول سے گیس اور گیس سے مائع کا پروجیکٹ کرنے جا رہے ہیں۔ یہ کول ٹو گیس اور گیس ٹو لکیوئیڈ منصوبے سے توانائی سیکٹر میں سرکیولر ڈوبٹ کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی۔

 سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کوئلے سے گیس پروجیکٹ سے فرٹلائیزر کی پیداوار بڑھانے سے اس ملک کی فوڈ سکیورٹی یقینی عمل میں آئے گی ، پلان کے تحت کول ٹو لکیوئیڈ انجنیئرنگ پلانٹ تھر کول بلاک فور میں تعمیر ہوگا۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ  ہم چاہتے ہیں سی پیک کے تحت اسلام کوٹ کو میرپورخاص سے ریلویز کے ذریعے ملایا جائے  جبکہ ہم چاہتے ہیں کہ تھر سے تھر کے کوئلے کی کان سے دیگر شہروں کو ٹرانسپورٹ کیا جائے۔ تھر کول کو سی پیک کے تحت کیٹی بندر سے منسلک کیا جائے تاکہ مزید پاور اور دیگر پروجیکٹ لگ سکیں۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کے سی آر تمام کے سی سی اجلاسوں کے اجنڈہ کا حصہ رہا ہے اس لئے ہم چاہتے ہیں کہ کراچی کی عوام کیلئے کے سی آر کو سی پیک کے تحت بنایا جائے۔ اسپیشل اکنامک زون دھابیجی اگست 2022  تک مکمل ہوجائے گا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے خطاب کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ اب سی پیک سماجی و اقتصادی ترقی، غربت کا خاتمہ، زرعی اور صنعتی تعاون کی طرف بڑھ رہا ہے۔

 سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ چین دھابیجی میں اسٹیل، آٹوموبائل مینیوفیکچرنگ، آٹوموبائل وینڈرز، الیکٹرونک مینوفیکچرنگ ، اسمبلی فوڈ پروسسنگ، کیمیکل اینڈ فارماسوٹیکل، ٹیکسٹائل اور گارمینٹس میں سرمایہ کاری کرے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ سندھ حکومت نے سی پیک کے سماجی ترقی اور غربت کے خاتمے کے تحت 15 منصوبے تجویز کیے ہیں ہم چین کی حکومت کو درخواست کرتے ہیں کہ لائیواسٹاک کی ترقی میں بھی سندھ حکومت کی مدد کرے۔

The post سی پیک طویل مدتی ترقیاتی اور خوشحالی کا منصوبہ ہے، وزیراعلیٰ سندھ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email