عمر شریف کی فیملی ایئرایمبولینس میں کیوں نہیں جاسکتی؟

پاکستان  کے لیجنڈری کامیڈین اور اداکار عمر شریف کے ساتھ فیملی کا کوئی فرد ایئر ایمبولینس میں سفر نہیں کر سکے گا۔

تفصیلات کے مطابق کینیڈین ایئر ایمبولینس کمپنی کی جانب سے کی گئی ای میل کے مطابق ایئر ایمبولینس کو واشنگٹن تک پہنچنے کیلئے 2 مقامات پر اسٹاپ کرنا ہوگا۔

اس حوالے سے ایئر ایمبولینس کمپنی کا کہنا ہے کہ اسٹاپ اوور کے ایئرپورٹس پر لینڈنگ کیلئے تمام مسافروں کا ویزا ہونا ضروری ہیں جبکہ مریض کو اس ویزا سے استثنیٰ حاصل ہے۔

کینیڈین ایئر ایمبولینس کمپنی کا  کہنا ہے کہ مریض کےساتھ سفر کرنے والوں کے لیے یورپ اور کینیڈا کے ویزے ہونے چاہئیں۔

دوسری جانب سندھ حکومت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وقت کم ہے، ویزے فوری طور پر حاصل نہیں کیئے جا سکتے، لہٰذا عمر شریف کے خاندان کے چاروں افراد اپنے طور پر کمرشل پرواز سے امریکا جائیں گے۔

تاہم ذرائع سندھ گورنمنٹ کا مزید کہنا ہے کہ ایئر ایمبولینس آنے کے لیے دیئے گئے 5 میں سے 3 دن رہ گئے ہیں۔

واضح رہے کہ اداکار عمر شریف کی امریکہ میں علاج کروانے کی تیاریاں آخری مراحل تک پہنچ گئی ہیں۔

 لیجنڈ اداکار عمر شریف کے بیٹے جواد عمر  نے بتایا تھا کہ سندھ حکومت نے ائیر ایمبولینس کی رقم ادا کر دی ہے۔

جواد عمر نے کہا تھا کہ ائیر ایمبولینس پاکستان روانگی سے قبل تمام تر تفصیلات سے آگاہ کریں گی۔

تاہم ائیر ایمبولینس آنے کے بعد اس میں موجود ڈاکٹرز کی ٹیم عمر شریف کا طبی معائنہ کریں گی۔

جواد عمر نے کہا تھا کہ طبی معائنے کے بعد عمر شریف کو علاج کے لیے امریکہ منتقل کیا جائے گا۔

اس سے قبل عمر شریف کےعلاج کیلئے بیرون ملک جانے کے معاملے پر محکمہ صحت سندھ نے ایئر ایمبولینس سے متعلق وفاقی وزارت خزانہ کو خط تحریر کیا تھا، جس میں ایک لاکھ 69 ہزار 800 امریکی ڈالر فارن ایکسچینج بجٹ جاری کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔

سندھ حکومت کا اس حوالے کہنا تھا کہ عمر شریف کے اہل خانہ کے کہنے پر متعلقہ ائیر ایمبولینس کیلئے تمام اخراجات صوبائی حکومت برداشت کرے گی۔ متعلقہ ائیر ایمولینس کا دفتر پاکستان میں نہ ہونے کے باعث صوبائی حکومت نے وفاق سے درخواست کی ہے ، وفاقی وزارت خزانہ اس سلسلے میں ایک لاکھ 69 ہزار 800 امریکی ڈالر فارن ایکسچینج بجٹ جاری کرے

The post عمر شریف کی فیملی ایئرایمبولینس میں کیوں نہیں جاسکتی؟ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email