افغانستان میں قیام امن پورے خطے کے امن و استحکام کیلئے ناگزیر ہے، وزیر خارجہ

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغانستان میں قیام امن پورے خطے کے امن و استحکام کیلئے ناگزیر ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے چھہترویں اجلاس کے موقع پر یورپی یونین  کے خارجہ امور کے سربراہ جوزف بوریل سے ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات اور افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں وزیر خارجہ اور یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ نے افغانستان پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مل کر کاوشیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

دوران ملاقات وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ جوزف بوریل کے ساتھ ،افغانستان کے قریبی پڑوسی ممالک کے وزرائے خارجہ اور ایس سی او سمٹ کے موقع پر ایس سی او اور سی ایس ٹی یو کے وفود کے سربراہوں سے ہونے والی ملاقاتوں کا تذکرہ کیا

شاہ محمود قریشی نے یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ کو دیگر یورپی ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ہونے والے روابط سے آگاہ کیا جبکہ وزیر خارجہ نے افغانستان کے حوالے سے ، یورپی یونین کی قرارداد میں پاکستان سے متعلق، منفی حوالوں پر تشویش کا بھی اظہار کیا

اس موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے دو طرفہ تعلقات کے تناظر میں پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تعاون کی نوعیت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان سیاسی و اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے جلد انعقاد کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ غیر منطقی حوالہ جات، پاکستان اور یورپی یونین کے باہمی تعلقات سے مطابقت نہیں رکھتے اور امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کو نظرانداز کرنے کے مترادف ہیں۔

  شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بہت سا مالی و جانی نقصان برداشت کیا جبکہ افغانستان سے مختلف ممالک کے، سفارتکاروں اور دیگر حکام کے محفوظ انخلا کو یقینی بنانے کے لیے بھی پاکستان نے بھرپور معاونت فراہم کی۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان میں قیام امن نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے امن و استحکام کیلئے ناگزیر ہے۔ افغانستان میں انسانی و معاشی بحران کے پنپتے ہوئے خطرے کے پیش نظر،عالمی برادری کو افغانستان کی معاونت کو جاری رکھنا ہوگا۔

The post افغانستان میں قیام امن پورے خطے کے امن و استحکام کیلئے ناگزیر ہے، وزیر خارجہ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email