وزیراعلیٰ پنجاب کراچی سے لاہور روانہ ہوگئے

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کراچی سے لاہور روانہ ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کراچی سے لاہور اپنے خصوصی طیارے سے روانہ ہوئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق سردار عثمان بزدار سردار عطا اللہ مینگل کے انتقال پر سردار اختر مینگل سے تعزیت کے لیے گزشتہ روز کراچی کے دورے پر پہنچے تھے۔

اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مظفرگڑھ سے مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی اظہر عباس چانڈیا کے تحریک انصاف میں شمولیت کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا تھا کہ اظہر عباس چانڈیا کا تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان خوش آئند ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب میں پی ٹی آئی مزید مضبوط ہوگی، اظہر عباس چانڈیا کا پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان مخالف جماعت کیلئے بڑا سیاسی دھچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ کھوکھلے نعروں اور خالی تقریروں  سے عوام کو  بہلانے والوں کے لئے نوشتہ دیوار ہے، اظہر عباس چانڈیا سے احترام کا رشتہ ہے اور ان سے پہلے بھی ملاقاتیں رہی ہیں، مخالف جماعت کی منفی سیاست کے باعث ان کے اپنے بھی ساتھ چھوڑ رہے ہیں، یہ سلسلہ رُکے گا نہیں بلکہ مزید بڑھے گا۔

عثمان بزدار نے مزید کہا تھا کہ تحریک انصاف کی عوامی خدمت کی سیاست کے باعث مخالفین کی سیاسی دکانداری ہمیشہ کے لیے بند ہوگئی ہے، مخالف جماعت کو آئندہ الیکشن میں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔

The post وزیراعلیٰ پنجاب کراچی سے لاہور روانہ ہوگئے appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email