گرین لائن منصوبوں کے لئے بسیں کراچی پہنچ گئیں

کراچی کے شہریوں کا صبر رنگ لے آیا، وفاقی حکومت کی جانب سے کراچی گرین لائن ریپڈ بس سروس کے لیے درآمد کی جانے والی 40 بسوں کی پہلی کھیپ کراچی پہنچ گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کے مطابق گرین لائن ریپڈ بس سروس کے لیے درآمد ہونے والے بسوں کو کل آف لوڈ کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں ہونے والی تقریب میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، وفاقی وزراء علی حیدر زیدی، اسد عمر اور امین الحق شرکت کریں گے جب کہ سندھ انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی کے سی ای او ندیم لودھی سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی تقریب میں شریک ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق مزید 40 بسوں کی دوسری کھیپ کی آمد بھی آئندہ 1 سے 2 ماہ میں  متوقع ہے تاہم مزید بسوں کی درآمد کا فیصلہ پہلی کھیپ کی  بسوں کی کارکردگی کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ گرین لائن بس منصوبہ 20 اسٹاپس پر مشتمل ہے، جو پاور ہاؤس چورنگی نارتھ کراچی سے شروع ہوکر نمائش پر اختتام پذیر ہوگا منصوبہ سے یومیہ 3 لاکھ افراد کو سفری سہولت مہیا ہوگی۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر اسد عمر نے گزشتہ دنوں کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران اکتوبر 2021سے گرین لائن بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم کے آغاز کا اعلان کیا تھا۔ کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کی بدحالی پر 2015 میں مرتب کی جانے والی ایک تحقیق کی بنیاد پر فروری 2016 میں سابق وزیر اعظم نواز شریف نے اس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا تھا جسے 2017کے اختتام تک مکمل ہونا تھا۔

منصوبہ کی ابتدائی لاگت کا تخمینہ 16 ارب 85 کروڑ روپے لگایا گیا تھا، تاہم سندھ حکومت کی تجویز پر اس منصوبے کے روٹ میں مزید 10کلو میٹر کا اضافہ کیا گیا جس سے لاگت 24 ارب روپے تک بڑھ گئی۔ موجودہ حکومت نے منصوبے کے لیے بسوں کی فراہمی کی مختلف ڈیڈ لائنز کا اعلان کیا جس کے بعد آخر کار پہلی کھیپ پہنچ گئی۔

The post گرین لائن منصوبوں کے لئے بسیں کراچی پہنچ گئیں appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email