بعض اضلاع کی منڈیوں میں اشیاء کی زائد قیمتوں کا مقرر ہونا بالکل بلاجواز ہے، چیف سیکرٹری پنجاب

چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل کا کہنا ہے کہ بعض اضلاع کی منڈیوں میں اشیاء کی زائد قیمتوں کا مقرر ہونا بالکل بلاجواز ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل کی زیرصدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس ہوا جس میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں، دستیابی اور پرائس کنٹرول مانیٹرنگ میکانزم کا جائزہ لیا گیا۔

چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے حکم دیا کہ قیمتوں میں استحکام کیلئے ڈپٹی کمشنرز سبزی منڈیوں میں نیلامی کے عمل کی خود نگرانی کریں۔

چیف سیکرٹری پنجاب کا کہنا ہے کہ مختلف اضلاع میں اشیاء کی قیمتوں میں فرق طلب، رسد کے مسئلے کی بجائے انتظامی کمزوری ہے، بعض اضلاع کی منڈیوں میں اشیاء کی زائد قیمتوں کا مقرر ہونا بالکل بلاجواز ہے۔

کامران علی افضل نے کہا ہے کہ ڈپٹی کمشنرز دفاتر میں بیٹھنے کی بجائے فیلڈ میں جا کر خود صورتحال کا جائزہ لیں، انتظامی اقدامات کے مثبت نتائج نظر آنے چاہیں۔

چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے مزید کہا ہے کہ مصنوعی مہنگائی کے مسئلے پر قابو پانے کیلئے افسران کو متحرک انداز میں کام کرنا ہوگا، پرائس کنٹرول کے حوالے سے کارکردگی کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا۔

واضح رہے کہ اجلاس میں صنعت، زراعت اور خوراک کے سیکرٹریز، چیئرمین پی آئی ٹی بی اور ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ نے شرکت کی۔

اس کے علاوہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

The post بعض اضلاع کی منڈیوں میں اشیاء کی زائد قیمتوں کا مقرر ہونا بالکل بلاجواز ہے، چیف سیکرٹری پنجاب appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email