فیاض چوہان کے شہر میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے میچ کھیلنے سے انکار کردیا، عظمیٰ بخاری

مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ فیاض چوہان کے شہر میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے میچ کھیلنے سے انکار کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے فیاض الحسن چوہان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پرچی وزیر کو ابھی بھی مریم نواز اور شہباز شریف کی فکر پڑی ہے۔

مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان کا کہنا ہے کہ آج وزیراعظم اور شیخ چلی وزیر داخلہ کو ڈوب مرنا چاہیے، ریلوکٹوں کا طعنہ دینے والے آج کسی کو منہ دیکھانے کے لائق نہیں رہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ نوازشریف نے مشکل ترین حالات میں لاہور جیسے شہر میں کرکٹ میچ کروائے، اُس وقت پورے ملک میں دہشتگردی اپنے عروج پر تھی لیکن الحمد اللہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے لاہور اور راولپنڈی میں میچز کروائے۔

مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے مزید کہا ہے کہ شیخ رشید اگر اپوزیشن کے لوگوں کی پکڑ دھکڑ پر توجہ دینے کی بجائے اپنے اصل کام پر توجہ دیتے تو آج یہ دن نہیں دیکھنا پڑتا۔

اس سے قبل ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ آج پنجاب حکومت کی پرفارمنس پر بات کروں گا، زراعت کے شعبے میں وزیر اعلیٰ کی قیادت میں بہت کام کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کسان پہلی دفعہ بہت خوش ہے ، آج ان کو بہت اچھی قیمت مل رہی ہے ، آج کا کسان خوشحال ہے ، پہلی مرتبہ زرعی پالیسی لائی گئی ہے، نئے ایکٹ کا نفاذ کیا گیا ہے ، جس کے تحت 146 نئی منڈیاں قائم کی گئی ہیں۔

فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا تھا کہ ای کریڈٹ اسکیم کے تحت 45 ارب روپے کے قرضے دیئے جا رہے ہیں، بنجر زمینوں پر کسانوں کو سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

The post فیاض چوہان کے شہر میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے میچ کھیلنے سے انکار کردیا، عظمیٰ بخاری appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email