خیبر پختونخواہ ؛ ہفتےمیں 2دن تجارتی سرگرمیوں پر پابندی عائد

خیبر پختونخواہ میں ہفتےمیں 2دن تجارتی سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا نے این سی او سی کی ہدایات کی روشنی میں اعلامیہ جاری کردیا ہے ، جس میں کہا گیا ہے کہ ہفتےمیں 2دن جمعہ اور ہفتہ تجارتی سرگرمیوں پر پابندی ہوگی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پیٹرول پمپس، ویکسی نیشن سینٹرز،ادویات، دودھ کی دکانیں ، تندور، ٹائرپنکچرکی دکانیں کھلی رہیں گی،  تاہم ان ڈور تقریبات پر پابندی ہوگی اور آؤٹ ڈورتقریبات میں زیادہ سے زیادہ 400 افراد کی شرکت کی اجازت ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کورونا پابندیوں میں نرمی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا، جس کے مطابق ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں ہفتے میں تین دن نصف حاضری کی پالیسی برقرار رکھی گئی ہے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق منتخب شہروں کےعلاوہ ملک بھرمیں 2سیف ڈےجمعہ اور اتوار ہوں گے، باقی شہروں میں تجارتی و کاروباری مراکز ہفتے میں ایک دن بند رہیں گے۔

مارکیٹوں کے اوقات کار پھر تبدیل: سندھ حکومت کا نیا حکم نامہ جاری

دوسری جانب محکمہ داخلہ سندھ نے بھی مارکیٹوں کے اوقات کار کے حوالے سے نیا حکم نامہ جاری کردیا ہے، جس کے مطابق اتوار کے روز کراچی میں مارکیٹیں بند رکھی جائیں گی جبکہ ہفتے کے چھ روز مارکیٹیں رات دس بجے تک کھولنے کی اجازت ہو گی۔

محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ انڈور ڈائننگ بھی کھول دی گئی ،انڈور ڈائننگ کو رات 12 بجے تک اجازت ہوگئی۔

حکم نامے میں کہا گیا ہےکہ انڈور شادی کی تقریبات کی بھی اجازت دے دی گئی۔ انڈور شادی اور دیگر تقریبات میں 200 افراد کو اجازت ہوگئی جبکہ اوپن ائیرشادی کی تقریب میں 400 افراد کو اجازت ہوگئی۔

محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ مزارات مقامی انتظامیہ اورمحکمہ اوقاف کی اجازت سےکھولےجاسکیں گے۔ پبلک ٹرانسپورٹ میں 50 فیصد جبکہ ٹرینوں میں70فیصد مسافروں کی اجازت ہوگی۔

محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ مارکیٹوں، بڑے شاپنگ مالز اور دکانوں پر ایس او پیز کا جائزہ لینے کیلئے ٹیمیں وزٹ بھی کریں گی۔

نئےحکم نامےکا اطلاق30 ستمبر تک ہوگا۔

 ملک بھر میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 5 فیصد سےنیچے آگئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 714 کیسز سامنے آئے ہیں، 73 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، 10 ہزار 923 مریض شفایاب ہو گئے جبکہ مثبت کیسز کی شرح 4 اعشاریہ 7 فیصد ہو گئی۔

ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے 77 ہزار 532 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 5 ہزار 122 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 11 لاکھ 8 ہزار 339 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

The post خیبر پختونخواہ ؛ ہفتےمیں 2دن تجارتی سرگرمیوں پر پابندی عائد appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email