پاکستان نے مہنگائی کی شرح میں پورے جنوبی ایشیا کو پیچھے چھوڑ دیا ہے، عظمیٰ بخاری

مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ پاکستان نے مہنگائی کی شرح میں پورے جنوبی ایشیا کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے تیزی سے بڑھتی مہنگائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کے پہلے تین سال مہنگائی مافیا اور دوستوں کو شیلٹر فراہم کرنے میں گزرے ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ چینی، گھی، آٹا، دالیں اور خوردنی اشیاء کی قیمتوں نے نئے ریکارڈ قائم کیے ہیں، پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ٹماٹر نے چار اور مرغی نے پانچ سنچریاں مکمل کی اور اس کا کریڈٹ بھی منگترل خان اور سائیں بزدار کو جاتا ہے۔

مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان کا کہنا ہے کہ نئے پاکستان والوں نے مرغی کا گوشت تو دور غریب کے لئے دال روٹی بھی نایاب کردی گئی ہے، سرخ مرچ میں کونسا زعفران ڈل رہا ہے جو 1000 روپے کلو فروخت ہورہی ہے؟ عمران خان کے پاکستان میں غریب کے لئے خودکشی سستی اور بچوں کا پیٹ پالنا مہنگا ہو گیا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ تبدیلی کے 1100 دن 11 ہزار سے زائد غریبوں کی جانیں لے چکے ہیں، جس جعلی کپتان کو 1100 دنوں میں بہتر معاشی ٹیم نہیں مل سکی وہ ملک کے لئے بہتر فیصلے کیسے کرسکتا ہے۔

مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے مزید کہا ہے کہ عمران خان کو اگر قوم کی اتنی فکر ہے استعفیٰ دے کر قوم پر احسان کریں، پاکستانی قوم مانگے تانگے کی جماعت کا مزید بوجھ برداشت کرنے کی سکت نہیں رکھتی۔

The post پاکستان نے مہنگائی کی شرح میں پورے جنوبی ایشیا کو پیچھے چھوڑ دیا ہے، عظمیٰ بخاری appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email