طورخم بارڈر کھل گیا؛ افغانستان سے پاکستان آنے اور جانے والوں کا سلسلہ جاری

افغانستان سے پاکستان آنے اور جانے والوں کا سلسلہ جاری ہے ، طورخم بارڈر کھلنے کے بعد کل سے 732 افغان شہری افغانستان چلے گئے جبکہ 32 پاکستانی شہری طورخم بارڈر کے راستے پاکستان پہنچے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ طورخم بارڈر پر پاکستان سےافغان شہری پیدل افغانستان جاسکتے ہیں، افغانستان سےآنے والے پاکستانیوں کو ملک آنے کی اجازت ہوگی۔

 ڈپٹی کمشنرکا مزید کہنا تھا کہ افغانستان سےآنے والے شہریوں کا طورخم بارڈر پرکورونا ٹیسٹ کیاجاتاہے، کورونا ٹیسٹ مثبت ہونےپراسپتال میں ایک ہفتے تک قرنطینہ کیا جاتا ہے۔

واضح رہے گذشتہ روز افغان خواتین فٹبال ٹیم کےکھلاڑی خاندان کےہمراہ طورخم پہنچے تھے ، اسسٹنٹ کمشنراکبر افتخار کا کہنا تھا کہ افغان مہمانوں کی دستاویزات کااندراج کیاجارہاہے، افغان خواتین ٹیم کوخاندانوں سمیت سیکیورٹی میں پشاوربھیجا جائے گا۔

افغان خواتین ٹیم کولینے کیلئے پاکستان فٹبال فیڈریشن کا نمائندہ بھی طورخم پہنچا تھا ، افغان خواتین ٹیم خاندان سمیت115ارکان پرمشتمل ہے۔

یاد رہےکہ گزشتہ ماہ کورونا پابندیوں کے باعث پاک افغان بارڈر طورخم پر آمدورفت بند کر دی گئی تھی، پابندی کے تحت پاکستان کے شہری افغانستان اور افغان شہری پاکستان نہیں آسکتے تھے، صرف افغانستان میں پھنسے پاکستانیوں کو طورخم سرحد سے ملک آنے دیا جا رہا تھا ۔

ڈپٹی کمشنر خیبر منصور ارشدکا کہنا تھا کہ  پابندی کے تحت پاکستان کے شہری ویزا ہونے کے باوجود افغانستان اور افغانستان کے شہری بھی سرحد پار پاکستان نہیں آسکتے۔

افغانستان سے آنے والے بیمار افراد کو انسانی ہمدردی کے تحت سہولت فراہم کی جارہی ہے جبکہ افغان شہریوں کو طورخم سرحد سے واپس جانے دیا جارہا ہے۔

The post طورخم بارڈر کھل گیا؛ افغانستان سے پاکستان آنے اور جانے والوں کا سلسلہ جاری appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email