اس وقت ملک میں جمہوری اقدار اور آزادیاں خطرے سے دو چار ہیں، حمزہ شہباز

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اس وقت ملک میں جمہوری اقدار اور آزادیاں خطرے سے دوچار ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے عالمی یوم جمہوریت پر پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ یوم جمہوریت پر جمہوری اقدار اور قدروں آئین و قانون کی حکمرانی اور پارلیمنٹ کی تکریم کے لئے جدوجہد کرنے والوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت صرف ایک نظام حکومت نہیں بلکہ لوگوں کے بنیادی حقوق کی ضمانت اور انکی خوشحالی کا راستہ بھی ہے، افسوس  ہے کہ اس وقت ملک میں جمہوری اقدار اور آزادیاں خطرے سے دوچار ہیں۔

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ کو بے توقیر کر کے قانون سازی صدارتی آرڈیننس کے ذریعے کی جارہی ہیں حکومت اپنے تین سالہ دور میں 58 سے زائد آرڈیننس جاری کرچکی ہے، عوام پر مسلط کردہ موجودہ حکومت کچھ دینے کے بجائے ان سے چھین ہی رہی ہے۔

حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ملک کے تمام طبقات بشمول صحافی اور ڈاکٹرز اس حکومت سے تنگ آچکے ہیں اور سراپا احتجاج ہیں، مہنگائی کا جن بے قابو ہوچکا ہے 13 فیصد سے زائد مہنگائی نے عوام کو روٹی روٹی کا محتاج کردیا ہے۔

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے مزید کہا ہے کہ یوم جمہوریت پر اس بات کا اعادہ کرنے کی ضرورت ہے کہ ملک میں اصل جمہوریت جس کا مقصد عوامی فلاح ہو اس کے لئے جدوجہد کرتے رہیں گے۔

The post اس وقت ملک میں جمہوری اقدار اور آزادیاں خطرے سے دو چار ہیں، حمزہ شہباز appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email