سندھ کی عوام کی بددعاؤں سے جلد پیپلزپارٹی کے سیاہ دور کا خاتمہ ہوگا، حلیم عادل شیخ

اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ سندھ کی عوام کی بددعاؤں سے جلد پیپلزپارٹی کے سیاہ دور کا خاتمہ ہوگا۔

‏تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ انگریز تو چلے گئے مگر اپنے غلام یہاں چھوڑ  گئے۔

حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ خوشامدی اور پیسوں پر پوسٹنگ ہونے والے افسران ایسے ہی وزراء کی غلامی کرسکتے ہیں۔

حلیم عادل شیخ نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں مزید کہا ہے کہ تھرپارکر کا ڈی سی کبھی آر او پلانٹ یا بچوں کے مرنے پر نظر نہیں آیا ہوگا، مگر کھلی کچہری میں وائسرائے کے لیے چھتری لے کر کھڑا ہوا ضرور نظر آرہا ہے۔

اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پیز سندھ میں غلام بن چکے ہیں، ریاست کے ملازم پیپلزپارٹی کے وڈیروں کے ذاتی غلام بنے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو امن و امان اور انصاف کی چھتری دینے والے وزیروں کے ذاتی ملازم بن کر چھتریاں لے کر کھڑے ہیں، سندھ حکومت نے ڈی سی اور ایس ایس پیز کے عہدوں کے عزت کی توہین کردی ہے، عزت و وقار کا سرشمہ بیوروکریٹ آج کمداری اور غلامی کا نشان بن چکے ہیں۔

اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی کا کہنا ہے کہ صوبائی وزراء کی کھلی کچہریاں صرف ڈھونگ ہیں، کچہریوں کے نام پر سیرسپاٹے اور دعوتیں اڑائی جارہی ہیں، کچہری میں عوام کا ردعمل سندھ حکومت کی آمرانہ حکمرانی کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ڈی سی اور کمدار افسران چھتریاں لیکر درباری کا کردار ادا کررہے ہیں، بتایا جائے اس نوٹنکی پر عوام کا کتنا پیسہ برباد کیا گیا، سندھ حکومت بتائے کھلی کچہریوں سے کتنے لوگوں کو رلیف مہیا کیا گیا، پی پی والے کھلی کچہریوں کے نہیں کھلی کرپشن کے عادی ہیں۔

حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ وزراء، بلاول اور مراد علی شاہ کی کرپشن کے ٹھیکیدار بنے ہوئے ہیں، سندھ کی عوام ہر کھلی کچہری میں ان سندھ دشمنوں کا احتساب کرے، سندھ کی عوام کا ردعمل سلطنت زردار کے خاتمے کا جلد سبب بنے گا۔

اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے مزید کہا ہے کہ پنجاب کے بھٹو کو جس طرح کنٹونمنٹ میں شکست ہوئی اسی طرح سندھ کے جعلی بھٹو کو بھی شکست ہوگی، سندھ کی عوام کی بددعاؤں سے جلد پیپلزپارٹی کے سیاہ دور کا خاتمہ ہوگا۔

The post سندھ کی عوام کی بددعاؤں سے جلد پیپلزپارٹی کے سیاہ دور کا خاتمہ ہوگا، حلیم عادل شیخ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email