عمر شریف کو صرف امریکا کے ویزے کی ضرورت ہے، فیصل قریشی

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف میزبان اور اداکار فیصل قریشی نے عمر شریف کے حوالے سے واضح کیا ہے کہ انہیں اس وقت صرف امریکا کے ویزے کی ضرورت ہے۔

سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر ایک صارف نے فیصل قریشی کو ٹیگ کرتے ہوئے عمر شریف کی ناساز طبیعت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت سارے اداکار کہاں ہیں۔

صارف نے کہا کہ اگر فنکار برادری سے ہر اداکار ایک ایک لاکھ روپے بھی دیں تو کام بن جائے۔

جس کے جواب میں اداکار فیصل قریشی نے کہا کہ بھائی ماشاءاللّٰہ سے عمر بھائی وہ انسان ہیں جن کا ہاتھ ہمیشہ اوپر رہا ہے اور اللّٰہ نے ہمیشہ ان کی اس چیز میں مدد بھی کی ہے۔

اداکار فیصل قریشی نے واضح کیا کہ اس وقت عمر شریف کو اپنے علاج کے لیے صرف امریکا کا ویزہ چاہیے اور کسی بھی چیز کی ضرورت نہیں ہے۔

یاد رہے کہ کامیڈین عمر شریف کی حالت بدستور خراب ہے۔

 ڈاکٹروں کے مطابق عمر شریف کے دل کا مرض بہت زیادہ بگڑ گیا ہے۔

عمر شریف کی طبیعت کے حوالے سے کامیڈین کے بیٹے جواد کا کہنا ہے کہ والد کا علاج جاری ہے ، طبیعت میں بہتری نہیں آرہی۔

ان کے بیٹے نے مزید بتایا کہ امریکا نہ بھیجا گیا تو اوپن ہارٹ سرجری کی طرف جانا ہوگا۔

جواد نے بتایا کہ والد صاحب چند منٹ ہوش میں آنے پر بھی کسی کو نہیں پہچان رہے۔

The post عمر شریف کو صرف امریکا کے ویزے کی ضرورت ہے، فیصل قریشی appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email