نااہل درباریوں کو میڈیا کے نام پر گھٹیا سیاست نہیں کرنے دیں گے ، ڈاکٹر شہباز گِل

معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا کہ نااہل درباریوں کو میڈیا کے نام پر گھٹیا سیاست نہیں کرنے دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے مریم اورنگزیب کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ نااہل لیگ صحافیوں کو استعمال کرکے سیاست چمکانے کی کوشش میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی نااہلوں کا پی ایم ڈی اے پر پروپیگنڈا آزادیِ صحافت کے نام پر دھبہ ہے ، چند مخصوص افراد کو نواز کر میڈیا انڈسٹری اور غریب ورکر کو تباہ کرنے والے نااہل قابلِ شرم ہیں۔

شہباز گِل نے کہا کہ صحافیوں کو وہ سہولیات دینے جارہے ہیں جس کی مثال نہیں ملتی ، میڈیا کی آزادی، غیر جانب داری اور صحافتی اقدار کا تحفظ یقینی بنا رہے ہیں۔

معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کے ذریعے میڈیا ورکرز کو حق کیلئے آواز بلند کرنے میں مدد فراہم ہوگی۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے پارٹی کو پوری حزبِ اختلاف کے ساتھ میڈیا کے احتجاج میں شمولیت کی ہدایت کی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی ایم ڈی اے) کا میڈیا کے ساتھ مل کر راستہ روکیں گے، پی ایم ڈی اے فسطائی اور مسترد حکومت کا مستردشدہ کالا قانون ہے، منظور نہیں ہونے دیں گے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ آج پارلیمنٹ کے باہر میڈیا کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کریں گے، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما میڈیا کے ساتھ ان کے احتجاج میں عملی طورپر شریک ہوں گے۔

انھوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پی ایم ڈی اے کو تمام صحافتی نمائندہ تنظیمیں مسترد کرچکی ہیں، ان کی رائے لی گئی نہ مشاورت ہوئی ہے، مسلط شدہ حکومت کو قوانین اور فیصلے مسلط غندہ گردی اور طاقت سے مسلط نہیں کرنے دیں گے، کالے قوانین اور اقدامات سے حکومت کا کالا سیاہ چہرہ روشن نہیں ہوگا، یہ کالا ہی رہے گا۔

 ان کا مزید کہنا ہے کہ میڈیا کی زباں بندی سے آٹے، چینی، بجلی، گیس، دوائی، کھانے پینے کی اشیاءسستی نہیں ہوں گی، حکومت کا خیال ہے کہ وہ میڈیا کا گلا گھونٹ کر عوام میں مقبول ہوجائے گی تو یہ حماقت کی انتہا ہے۔

The post نااہل درباریوں کو میڈیا کے نام پر گھٹیا سیاست نہیں کرنے دیں گے ، ڈاکٹر شہباز گِل appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email