کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن 2021: 41 بورڈز میں پولنگ کا عمل جاری

 ملک بھر کے 41 کنٹونمنٹ بورڈ میں انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق 41 کنٹونمنٹ بورڈز میں امیدواروں کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔ 21 لاکھ 97 ہزار 741 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

کنٹونمنٹ بورڈ بلدیاتی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 180، مسلم لیگ ن کے 143 اور پیپلز پارٹی کے 112 امیدوار مدمقابل ہیں۔

پولنگ صبح 8 بجے سے شروع ہوگئی ہے، جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔

سیکیورٹی کے سخت انتظامات

ذرائع کے مطابق ملک بھر میں کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات میں ووٹنگ کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ گزشتہ روز مختلف علاقوں میں امن امان کے قیام کے لیے فلیگ مارچ بھی کیا گیا۔

پولنگ اسٹیشنوں میں غیر مطلقہ افراد کے پولنگ اسٹیشنز کے اندر جانے پر پابندی عائد ہے۔

میڈیا پولنگ ختم ہونے کے ایک گھنٹے بعد غیر حتمی،غیر سرکاری نتیجہ نشر کرنے کا پابند ہوگا۔

الیکشن کمیشن نے انتخابات کی موثر نگرانی کے لیے سیکریٹریٹ میں شکایتی سیل بھی قائم کیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی طرف سے صوبائی حکومتوں کو انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر کیمرے نصب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق اپنے وارڈ سے کامیاب ہونے والا امیدوار ممبر کنٹونمنٹ بورڈ کا ممبر بنے گا، نو منتخب کنٹونمنٹ بورڈ کے ممبران نائب صدر کا انتخاب کریں گے۔

کنٹونمنٹ بورڈ کا سربراہ اسٹیشن کمانڈر ہوتا ہے، نائب صدر اور ممبرز اسی کے ماتحت کام کرتے ہیں۔

کنٹونمنٹ بورڈز  الیکشن میں حصہ لینے والے 7 امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوچکے ہیں ۔

پی ٹی آئی نے کراچی میں سب سے زیادہ 41 امیدوار میدان میں اتارے ہیں۔ کراچی میں پیپلز پارٹی 40، جماعت اسلامی 38 اور ایم کیو ایم کے 32 امیدوار ہیں۔

لاہور اور والٹن کنٹونمنٹ میں 10، 10 وارڈز ہیں جبکہ 20 نشستوں پر 268 امیدوار مدمقابل ہیں۔

لاہور کنٹونمنٹ میں 110، والٹن میں 158 امیدوار ہیں۔

مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔

کامرہ کنٹونمنٹ بورڈ میں انتخاب نہیں ہو رہا، راولپنڈی اور پنوں عاقل کے 1، 1 وارڈ میں بھی انتخاب ملتوی ہو چکا ہے۔

سرگودھا، گوجرانوالہ، حیدر آباد، ملتان، ایبٹ آباد، بنوں سمیت کئی شہروں میں کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے۔

گوجرانوالہ کنٹونمنٹ بورڈ کے 10 وارڈز میں انتخابی معرکہ ہو رہا ہے، یہاں کل 95 امیدوار الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

حیدر آباد کے 10 وارڈز میں پولنگ جاری ہے، ملتان میں 7 وارڈز میں انتخابی معرکہ ہو رہا ہے جہاں 37 امیدوار مدِ مقابل ہیں۔

سیالکوٹ اور بہاولپور میں 5، 5 وارڈز میں الیکشن ہو رہے ہیں، نوشہرہ میں 4 جبکہ رسالپور اور کوہاٹ میں 3، 3 وارڈز میں انتخابی میدان سجا ہے۔

منگلا، جہلم، کھاریاں، شور کوٹ، حویلیاں، مردان، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان کنٹونمنٹ بورڈز میں 2، 2 وارڈز میں الیکشن کے لیے میدان سج گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پولنگ کے اختتام پر پریذائیڈنگ افسران گنتی کے فوراً بعد نتائج کا اعلان پولنگ اسٹیشنز پر کریں گے۔

 

The post کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن 2021: 41 بورڈز میں پولنگ کا عمل جاری appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email