وزیر اعظم سے پنجاب کے وزیر صنعت میاں اسلم اقبال کی ملاقات

وزیر اعظم عمران خان سے پنجاب کے وزیر صنعت میاں اسلم اقبال کی ملاقات ہوئی جس میں وزیر اعظم کو پنجاب میں خصوصی اقتصادی زونز کی ترقی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

ملاقات میں  وزیر اعظم عمران خان نے سرمایہ کاروں کی سہولت اور ملک میں کاروبار میں آسانی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

اس  موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے اقتصادی ترقی کے لیے سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ کی ترقی پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی جبکہ وزیر اعظم نے میانوالی میں صنعتی اسٹیٹ قائم کرنے کے لیےفیزیبیلٹی کی بھی ہدایت دی۔

وزیر اعظم عمران خان  نے کہا کہ سیمنٹ ، شیشہ اور سٹیل کی صنعتوں کی ترقی کے لیے اس کے وافر قدرتی وسائل کو استعمال کیا جائے، یہ مقامی لوگوں کے لیے روزگار کے بہت سے مواقع پیدا کر کے پورے علاقے کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پنجاب میں صحت کارڈ کی فراہمی سے متعلق اجلاس ہوا جس میں وزیر اعظم عمران خان نے منصوبے پر عملدرآمد کو موثر بنانے کے لیے وفاقی اور صوبائی سطح پر خصوصی سیل تشکیل دینے کی ہدایت دی۔

اس موقع پر وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ پنجاب کے تمام 36 اضلاع میں تقریبا 4 کروڑ صحت کارڈ کی تقسیم کا عمل 31 دسمبر سے شروع کر کے مارچ تک مکمل کر لیا جائے گا جبکہ اس سہولت کے بہتر استعمال کو یقینی بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر عوامی آگاہی مہم بھی شروع کی جائے گی۔

  عمران خان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کے موثر نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے، معاشرے کے کمزور طبقات تک صحت کی معیاری سہولیات ہماری ذمہ داری ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ یونیورسل ہیلتھ کوریج کی فراہمی موجودہ حکومت کے ویژن کا اہم جزو ہے، معاشرے کے کمزور طبقات تک صحت کی معیاری سہولیات نہ صرف ہماری  ذمہ داری ہے بلکہ ہماری ترجیحات کا  بھی واضح مظہر ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ صحت کارڈ اقدام کی بدولت معاشرے کے کمزور طبقات کو صحت کی معیاری سہولیات میسر آئیں گی، ہسپتالوں کے شعبے خصوصا نجی شعبے کو فروغ حاصل ہوگا۔

وزیراعظم عمران خان کا مزید کہا کہ  اس امر کو بھی یقینی بنایا جائے کہ ہسپتالوں میں آنے والے افراد خصوصا کم تعلیم یافتہ افراد کی مناسب رہنمائی کی جائے، صحت کارڈ سہولت سے مستفید ہونے والے افراد کے فیڈ بیک کو نظام کا مستقل حصہ بنایا جائے۔ مختلف ہسپتالوں میں صحت کارڈ کے ذریعے یکساں معیاری سہولیات کو یقینی بنایا جائے گا۔

اجلاس میں  ڈاکٹر فیصل سلطان، ڈاکٹر شہباز گل، وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد، وزیر صحت خیبر پختونخوا تیمور سلیم اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

The post وزیر اعظم سے پنجاب کے وزیر صنعت میاں اسلم اقبال کی ملاقات appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email