تحریک انصاف پاکستان کی مقبول ترین جماعت ہے، عثمان بزدار

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف پاکستان کی مقبول ترین جماعت ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور میں پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی سے ملاقات کی جس میں دونوں کارکنان نے سیاسی صورتحال اور پارٹی امور کے حوالے سے بات چیت کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں سیف اللہ خان نیازی نے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے ڈسٹرکٹ ڈیویلپمنٹ پیکیج کے اقدام کو سراہا ہے۔

عثمان بزدار کا اس موقعے پر کہنا تھا کہ تحریک انصاف پاکستان کی مقبول ترین جماعت ہے اور پارٹی کے عہدیداران اور کارکنان ہمارا سرمایہ ہیں۔

عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پارٹی کا عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل پر پورا فوکس ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم پارٹی عہدیداران و کارکنان کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ تحریک انصاف کا بیانیہ شفافیت، میرٹ، انصاف اور قانون کی عملداری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی کے فرسودہ نظام نے اداروں کو تباہ و برباد کر دیا ہے، ہم کئی دہائیوں کے بگڑے نظام کو درست کر رہے ہیں۔

عثمان بزدار نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن جماعتیں بکھر چکی ہیں۔ اپوزیشن کے پاس کرپشن بچانے کے علاوہ کوئی اور ایجنڈا نہیں ہے اور اب ان کی سیاست ختم ہو چکی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت نے ملک کو درست سمت پر ڈال دیا ہے۔

The post تحریک انصاف پاکستان کی مقبول ترین جماعت ہے، عثمان بزدار appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email