معاشرے کے کمزور طبقات تک صحت کی معیاری سہولیات ہماری ذمہ داری ہے، وزیر اعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ معاشرے کے کمزور طبقات تک صحت کی معیاری سہولیات صرف ہماری ذمہ داری ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پنجاب میں صحت کارڈ کی فراہمی سے متعلق اجلاس ہوا جس میں ڈاکٹر فیصل سلطان، ڈاکٹر شہباز گل، وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد، وزیر صحت خیبر پختونخوا تیمور سلیم اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کو بریفنگ دی گئی کہ پنجاب کے تمام 36 اضلاع میں تقریبا 4 کروڑ صحت کارڈ کی تقسیم کا عمل 31 دسمبر سے شروع کر کے مارچ تک مکمل کر لیا جائے گا، اس سہولت کے بہتر استعمال کو یقینی بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر عوامی آگاہی مہم بھی شروع کی جائے گی۔

  وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کے موثر نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔

 وزیر اعظم نے صحت کارڈ کی فراہمی کو موجودہ حکومت کا انتہائی اہم اقدام قرار دے دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ یونیورسل ہیلتھ کوریج کی فراہمی موجودہ حکومت کے ویژن کا اہم جزو ہے، معاشرے کے کمزور طبقات تک صحت کی معیاری سہولیات نہ صرف ہماری  ذمہ داری ہے بلکہ ہماری ترجیحات کا  بھی واضح مظہر ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ صحت کارڈ اقدام کی بدولت معاشرے کے کمزور طبقات کو صحت کی معیاری سہولیات میسر آئیں گی، ہسپتالوں کے شعبے خصوصا نجی شعبے کو فروغ حاصل ہوگا۔

 عمران خان نے کہا کہ مختلف ہسپتالوں میں صحت کارڈ کے ذریعے یکساں معیاری سہولیات کو یقینی بنایا جائے گا، اس امر کو بھی یقینی بنایا جائے کہ ہسپتالوں میں آنے والے افراد خصوصا کم تعلیم یافتہ افراد کی مناسب رہنمائی کی جائے، صحت کارڈ سہولت سے مستفید ہونے والے افراد کے فیڈ بیک کو نظام کا مستقل حصہ بنایا جائے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کسی بھی دقت کو بروقت دور کیا جائے۔

اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نے منصوبے پر عملدرآمد کو موثر بنانے کے لیے وفاقی اور صوبائی سطح پر خصوصی سیل تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی۔

The post معاشرے کے کمزور طبقات تک صحت کی معیاری سہولیات ہماری ذمہ داری ہے، وزیر اعظم appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email