اسپین اور پاکستان 70 سالہ دوطرفہ تعلقات رکھتے ہیں ، اسپین کے وزیرخارجہ

اسپین کے وزیرخارجہ ہوزے مانوئل البارس نے کہا کہ اسپین اور پاکستان 70 سالہ دوطرفہ تعلقات رکھتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اسپین کے وزیرخارجہ ہوزے مانوئل البارس نے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین میں اسپین پاکستان کی کوششوں کا معترف رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جی ایس پی پلس کے ذریعے یورپی یونین پاکستان کے ساتھ معاشی روابط رکھ رہی ہے، افغانستان کے مسئلے پر پاکستان کے کردار سے مکمل آگاہ ہیں ، اسپین انسانی ہمدردی کی بنیاد پر افغان عوام کی مدد کرنے کیلئے تیار ہے۔

ہوزے مانوئل البارس نے کہا کہ اسپین افغانستان میں بحالی کے عمل کیلئے فنڈ اکھٹا کرنے کا حصہ ہے ، اسپین کی ایجنسی افغانستان میں امداد کیلئے تیار ہے ، ابھی افغانستان میں حالات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

اسپین کے وزیرخارجہ ہوزے مانوئل البارس نے کہا کہ حالات کی بہتری کے بعد انسانی ہمدردی کی بنیاد پر افغان عوام کی مدد کریں گے ، افغانستان میں استحکام کیلئے عالمی برادری کو کام کرنا ہوگا۔

اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان کے معاملے پر پاکستان نے اپنا کردار ادا کرنے کی کوشش کی ، گزشتہ تین ہفتوں میں 24 ممالک کے وزرائے خارجہ سے بات ہوئی ، پاکستان کے وزیر خارجہ کی حیثیت سے 4 ممالک کا دورہ کیا اور 6 وزرائے خارجہ نے پاکستان کا دورہ کیا ، افغان عوام کو تنہا رکھنا پاکستان سمیت خطے اور دنیا کے مفاد میں نہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یورپی یونین اور عالمی برادری کی پاکستان سے جو توقعات تھیں ان کو پورا کیا گیا ، افغان عوام کیلئے فنڈ ریزنگ کرنی ہوگی اور تعاون فراہم کرنا ہوگا ، افغانستان کا معاشی بحران کسی کے مفاد میں نہیں ، پاکستان نے افغانستان میں انسانی بحران کے خاتمے کیلئے امداد روانہ کی ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دنیا کو بھی افغان عوام کی مدد کیلئے آگے آنا ہوگا ، ایف اے ٹی ایف پر اسپین کے وزیر خارجہ کو پاکستانی کوششوں سے آگاہ کیا ہے ، اسپین پاکستان کا یورپ میں تیسرا تجارتی شراکت دار ہے ، افغانستان میں نئی حکومت کو تسلیم کرنے ممالک جلدی نہیں کرنا چاہتے۔

The post اسپین اور پاکستان 70 سالہ دوطرفہ تعلقات رکھتے ہیں ، اسپین کے وزیرخارجہ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email