رحیم اللہ یوسف زئی کی صحافت کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، محمد صادق سنجرانی

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ مرحوم کی صحافت کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے سینئر صحافی و تجزیہ کار اور ماہر افغان امور رحیم اللہ یوسف زئی کی وفات پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ اللہ پاک مرحوم کی مغفرت اور جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

چئیرمن سینیٹ کا کہنا تھا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہم لواحقین  کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ رحیم اللہ یوسف زئی کے غم زدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی مدد فرمائے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مرحوم کی صحافت کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

قائمقام چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے بھی سینئر صحافی رحیم اللہ یوسف زئی کی وفات کو صحافی برادری کے لیے بڑا نقصان قرار دیا ہے۔

مرزا محمد آفریدی نے کہا کہ رحیم اللہ یوسف زئی ملنسار اور انسان دوست شخصیت کے مالک تھے۔

ذرائع کے مطابق سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سید یوسف رضا گیلانی نے بھی رحیم اللہ یوسف زئی کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ رحیم اللّٰہ یوسفزئی طویل عرصے سے علیل تھے۔

یاد رہے کہ رحیم اللہ 1954 میں مردان میں پیدا ہوئے، رحیم اللہ یوسف زئی نصف صدی تک شعبہ صحافت سے وابستہ تھے، رحیم اللہ نے افغان امور کے ماہر کے طور پر عالمی شہرت حاصل کی، 2004 میں انہیں تمغہ امتیاز اور 2009ء میں ستارہ امتیاز سے نوازا گیا۔

رحیم اللہ یوسفزئی کے طالبان کی قیادت کے ساتھ اچھے تعلقات تھے، ان کو طالبان اور افغانستان کی امور پر دسترس حاصل تھی، رحیم اللہ یوسفزئی بی بی سی سمیت کئی عالمی صحافتی اداروں سے بھی منسلک رہے، مرحوم نے طالبان کے پہلے دور حکومت میں افغانستان سے رپورٹنگ کی، اسامہ بن لادن کا انٹرویو رحیم اللہ یوسفزئی کی عالمی شہرت میں اضافہ کا سبب بنا۔

سابق وزیر اعظم نوازشریف نے رحیم اللہ یوسفزئی کو تحریک طالبان سے مذاکراتی کمیٹی کا رکن نامزد کیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مرحوم کی نماز جنازہ کل صبح 11 بجے آبائی گاؤں کاٹلنگ مردان میں ادا کی جائے گی۔

The post رحیم اللہ یوسف زئی کی صحافت کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، محمد صادق سنجرانی appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email