صدر مملکت کا سینیئر صحافی رحیم اللہ کی وفات پر اظہار افسوس

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سینیئر صحافی اور ماہر افغان اُمور رحیم اللہ یوسفزئی کی وفات پر اظہار افسوس کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق صدر مملکت نے سینیئر صحافی رحیم اللہ یوسفزئی کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو غریقِ رحمت فرمائے اور ان کے اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ مرحوم نے صحافت اور تحقیق کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دیں، مرحوم حالات حاضرہ باالخصوص افغان اُمور پر گہری نظر رکھتے تھے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ مرحوم کے انتقال سے صحافت کا ایک اہم باب اختتام پذیر ہوا۔

واضح رہے کہ رحیم اللّٰہ یوسفزئی طویل عرصے سے علیل تھے۔

رحیم اللہ 1954 میں مردان میں پیدا ہوئے، رحیم اللہ یوسفزئی نصف صدی تک شعبہ صحافت سے وابستہ تھے، رحیم اللہ نے افغان امور کے ماہر کے طور پر عالمی شہرت حاصل کی، 2004 میں انہیں تمغہ امتیاز اور 2009ء میں ستارہ امتیاز سے نوازا گیا۔

رحیم اللہ یوسفزئی کے طالبان کی قیادت کے ساتھ اچھے تعلقات تھے، ان کو طالبان اور افغانستان کی امور پر دسترس حاصل تھی، رحیم اللہ یوسفزئی بی بی سی سمیت کئی عالمی صحافتی اداروں سے بھی منسلک رہے، مرحوم نے طالبان کے پہلے دور حکومت میں افغانستان سے رپورٹنگ کی، اسامہ بن لادن کا انٹرویو رحیم اللہ یوسفزئی کی عالمی شہرت میں اضافہ کا سبب بنا۔

سابق وزیر اعظم نوازشریف نے رحیم اللہ یوسفزئی کو تحریک طالبان سے مذاکراتی کمیٹی کا رکن نامزد کیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مرحوم کی نماز جنازہ کل صبح 11 بجے آبائی گاؤں کاٹلنگ مردان میں ادا کی جائے گی۔

The post صدر مملکت کا سینیئر صحافی رحیم اللہ کی وفات پر اظہار افسوس appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email