آئے روز کرپشن کی نئی داستانیں سندھ حکومت رقم کررہی ہے، ڈاکٹر شہباز گِل

معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا ہے کہ آئے روز کرپشن کی نئی داستانیں سندھ حکومت رقم کررہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر شہباز گِل نے بلاول زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کرپشن کے بے تاج بادشاہ زرداری صاحب نے سندھ کو تاریکی کی راہ دیکھائی، پسرِ زرداری سندھ کے حالات سے ناآشنا ہیں مگر حکومت میں آنے کے خواہشمند ہیں۔

ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا کہ الیکشنز میں موصوف کے ہوش سندھ کی عوام ٹھکانے لگائیں گے، پیپلز پارٹی کرپشن کی بدولت علاقائی جماعت بنا دی گئی۔

ڈاکٹر شہباز گِل کا کہنا تھا کہ روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ لگانے والوں نے سندھ کی عوام کو ان کی بنیادی سہولیات سے محروم کر دیا ہے، سندھ وہ واحد صوبہ ہے جس میں لوگ صاف پانی تک کو ترس رہے ہیں، آئے روز کرپشن کی نئی داستانیں سندھ حکومت رقم کررہی ہے، غریب مستحقین، زکوۃ و خیرات کے بعد سندھ سرکار نے بے زبان جانوروں کو بھی نہیں بخشا۔

ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا کہ جانوروں کیلئے مچھر دانیوں پر 62 کروڑ روپے کے فنڈز محکمہ لائف سٹاک کو جاری کردئیے جبکہ تھر میں غریب عوام کسمپرسی کا شکار ہوکر بدتر زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، کرپشن کے نتیجے میں ملک کا بیڑا غرق کرنے والے آج مگرمچھ کے آنسو بہا رہے ہیں۔

معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل کا کہنا تھا کہ پرچی چیئرمین دن میں پی ایم بننے کے خواب دیکھ رہے ہیں، حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے رواں برس ملک میں گندم، چاول، مکئی اور گنے کی ریکارڈ پیداوار ہوئی، خارجہ اور معاشی محاذ پر حکومتی کامیابیوں کی دنیا معترف ہے۔

The post آئے روز کرپشن کی نئی داستانیں سندھ حکومت رقم کررہی ہے، ڈاکٹر شہباز گِل appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email