بلاول ہی بتا دیں کہ ان کے ابو پاکستان کی لوٹی ہوئی دولت کب اور کیسے واپس کریں گے، فرخ حبیب

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ بلاول ہی بتا دیں کہ ان کے ابو پاکستان کی لوٹی ہوئی دولت کب اور کیسے واپس کریں گے؟

تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے پریس کانفرنس میں بلاول بھٹو کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پرچی چیئرمین بلاول، آپ تو دن میں جاگتے ہوئے حکومت بنانے کے خواب دیکھ رہے ہیں، صرف خواب دیکھنا ہے تو کوئی بات نہیں کیونکہ اس پر کوئی پابندی نہیں ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ ابھی تو زرداری کے حساب کا وقت ہے، بلاول ہی بتا دیں کہ ان کے ابو پاکستان کی لوٹی ہوئی دولت کب اور کیسے واپس کریں گے؟

فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ سندھ کی عوام کو گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوز ٹینکر مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا۔

وزیر مملکت نے کہا کہ سندھ کی اربوں روپے کی گندم ہڑپ کرنے کے بعد ذمہ داری چوہوں پر ڈال دیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بلاول، آپ وفاقی یا صوبائی حکومت کے بارے میں سوچنا چھوڑ دیں کیونکہ آئندہ الیکشن میں سندھ کی عوام بھی آپ کو مسترد کر دے گی۔

انہوں نے کہا کہ بلاول اور زداری نے پارٹی کا بیڑہ غرق کر دیا ہے، اب تو جیالے بھی سوچنے پر مجبور ہیں کہ ہم کس کرپٹ پارٹی کا حصہ بن گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بلاول سے میرا ایک سوال ہے کہ 13 سالوں میں کراچی سمیت پورے سندھ میں ایک میگا پراجیکٹ کا بتا دیں جو مکمل کیا ہو۔

فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ بلاول صاحب، آپ کو مشورہ ہے کہ سندھ کی عوام کے بنیادی مسائل پر توجہ دیں۔

وزیر مملکت نے کہا کہ سندھ میں صاف پانی، تعلیم، صحت، ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کی تعمیر سمیت ہر شعبے میں وفاق کام کرتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ ماضی کے حکمران عالمی قیادت کے سامنے معذرت خواہ ہوتے تھے لیکن عمران خان آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کی اولین ترجیح عام آدمی کی ترقی ہے اور اس کے لیے ہم اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں بلاتفریق پورے ملک میں تعمیر و ترقی کے جال بچھے ہیں۔

The post بلاول ہی بتا دیں کہ ان کے ابو پاکستان کی لوٹی ہوئی دولت کب اور کیسے واپس کریں گے، فرخ حبیب appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email