پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا قیام مشکوک اور متنازعہ ہے، شیری رحمان

پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا قیام مشکوک اور متنازعہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے متعلق بیان دیتے ہوئے کہا کہ صحافتی تنظیموں نے اس متنازعہ اتھارٹی کے خلاف احتجاج کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اتھارٹی سے متعلق قانونی مسودہ صحافتی تنظیموں اور پارلیمان کے سامنے پیش کرنے کا مطالبہ کرتی ہوں ، پیپلز پارٹی صحافتی تنظیموں کے پر امن احتجاج کی بھرپور حمایت کرے گی۔

پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ مجوزہ اتھارٹی قیام سے پہلے ہی متنازعہ ہو چکی ہے ، اتھارٹی سے متعلق قانونی مسودے کو ابھی تک کیوں خفیہ رکھا گیا ہے ، اتھارٹی کے قانونی مسودے میں ایسا کیا ہے جسے حکومت چھپانے کی کوشش کر رہی ہے۔

سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ قانونی مسودے کے بغیر حکومت کس چیز پر مشاورت کر رہی ہے ، حکومت اتھارٹی متعلق قانونی مسودہ صحافتی تنظیموں اور پارلیمان کے سامنے پیش کرے۔

پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ کچی پرچی پر میڈیا کو سلب کرنے کی اتھارٹی قائم ہونے نہیں دینگے ، اظہار کی آزادی پر قدغنیں لگانے کے خلاف بھرپور مزاحمت کریں گے ، ملک میں میڈیا مارشل لا نہیں لگنے دینگے۔

اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے مردم شماری کے معاملے پر پارلیمان کا مشترکہ اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا گیا تھا، اس موقع پر شیری رحمان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت وفاقی حکومت کو مشترکہ اجلاس بلانے کے لیے کئی بار درخواست کر چکی ہے۔

  شیری رحمان کا کہنا تھا کہ سندھ صوبہ متنازعہ مردم شماری کے خلاف مشترکہ مفادات کونسل میں احتجاج کر چکا ہے،  سندھ کی مخالفت کے باوجود متنازعہ مردم شماری کو مشترکہ مفادات کونسل نے منظور کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سی سی آئی کی تاریخ میں پہلی بار ایک صوبے کی مخالفت کے باوجود اسے منظور کیا گیا ہے اور آئین کے آرٹیکل 154 کے مطابق سندھ کی مخالفت کے بعد مردم شماری کا معاملہ پارلیمان کے مشترکہ اجلاس میں جائے گا۔

شیری رحمان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلی سندھ پارلیمان کا مشترکہ اجلاس بلانے کے لیے صدر، وزیراعظم، اسپیکر اور چیئرمین سینیٹ کو خط لکھ چکے ہیں، مردم شماری کے معاملے پر وفاقی حکومت کی غیر سنجیدگی وجہ سے سندھ کے بلدیاتی انتخابات میں تاخیر ہو رہی ہے۔

The post پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا قیام مشکوک اور متنازعہ ہے، شیری رحمان appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email