مولانا فضل الرحمان پھر سرگرم ؛ پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس طلب کر لیا

 مولانا فضل الرحمان نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا سربراہی اجلاس  طلب کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا سربراہی اجلاس کل مولا نا فضل الرحمان کی صدرات میں ہوگا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کل سہ پہرمسلم لیگ ن کے آفس میں ہوگا،اجلاس کا ایجنڈا بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

جاری کردہ ایجنڈے کے مطابق اجلاس میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں صدر کے خطاب کے موقع پر اپوزیشن جماعتوں کے لئے لائحہ عمل پر مشاورت ہوگی۔

ذرائع کے مطابق سر براہی اجلاس میں روڈ کارواں کی تاریخ پر مشاورت ہوگی ۔اجلاس میں روڈ کارواں کے خدوخال طے کئے جائیں گے ۔

ایجنڈے کے مطابق سربراہی اجلاس میں ملک بھر میں حکومت مخالف جلسوں کی تاریخوں کا فیصلہ ہوگا ۔

ذرائع کے مطابق سربراہی اجلاس میں چاروں صوبائی ہیڈ کواٹرز میں مختلف شعبہ زندگی کے لئے سیمینارزکے بارے غورو خوص بھی ہوگا ۔

واضح رہےکہ دوسری جانب پارٹی قائد نواز شریف کی ہدایت پرمسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے پارٹی کولاہور میں سیاسی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

ذرائع ن لیگ کے مطابق مسلم لیگ ن کے نائب صدر اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرحمزہ شہباز کو فوری طور پر مسلم لیگ ن لاہور کی تنظیم نو کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق اس حوالے سے پارٹی صدرشہباز شریف نے ہدایت جاری کی ہےکہ  لاہور میں غیر فعال عہدیداران کے بجائے متحرک کارکنوں کو عہدے دئیے جائیں۔

ذرائع ن لیگ کے مطابق مسلم لیگ ن کے نائب صدرحمزہ شہباز نے شہباز شریف کی ہدایت پر مسلم لیگ ن لاہور کی تنظیم سازی کے لیے اہم لیگی رہنماؤں سے مشاورت شروع کر دی ہے۔

حمزہ شہباز نے سردار ایاز صادق،خواجہ سعد رفیق، رانا مبشر اور دیگر سے مشاورت کی ہے۔

مشاورت میں مرکزی لیگی رہنماؤں نے حمزہ شہباز کو مشورہ دیا ہےکہ وہ اس حوالے سے خود کارکنوں سے ملاقاتیں کریں۔

مرکزی لیگی رہنماؤں کا کہنا ہےکہ ہر صوبائی حلقے میں خود جائیں اور کارکنوں کی تنظیم سازی کے حوالے سے آراء لیں۔ اس عمل سے کارکنوں میں جوش اور جذبہ بڑھے گا۔

لیگی رہنماؤں نےحمزہ شہباز کو مشورہ دیتے ہوئے مزید کہاکہ کارکنوں سے ڈائریکٹ رابطے سے سیاسی سرگرمیاں بھی تیز ہو جائیں گی اور کارکنان بھی متحرک ہوں گے۔

ذرائع ن لیگ کے مطابق لیگی رہنماؤں کے مشورے پر مسلم لیگ ن کے نائب صدر حمزہ شہباز نے اپنی ٹیم کو دوروں کے حوالے سے شیڈول تیار کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

The post مولانا فضل الرحمان پھر سرگرم ؛ پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس طلب کر لیا appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email