قطر کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ آج پاکستان پہنچیں گے

قطر کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی آج پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دورے کے دوران قطرکے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

ذرائع کے مطابق قطر کے وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی وزرائے خارجہ کی سطح پر بات چیت میں اپنے ملک کی نمائندگی کریں گے ۔ مذاکرات میں افغانستان، پاکستان اور قطر کے تعلقات میں پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور قطر مشترکہ عقیدے اور مشترکہ اقدار کے گہرے رشتوں میں منسلک ہیں ، دونوں ممالک مشترکہ دلچسپی کے علاقائی اور عالمی مسائل پر قریبی تعاون کے تعلقات رکھتے ہیں ۔

ذرائع کے مطابق قطر دو لاکھ سے زائد محنت کش پاکستانی تارکین وطن کا دوسرا گھر ہے، جو دونوں ممالک کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں ۔

 قطر کے وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی کا دورہ دوطرفہ تعاون میں اضافہ کرے گا اور اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر رابطوں کو مضبوط بنائے گا۔

واضح رہےکہ گزشتہ روزاسلام آباد میں افغانستان کی موجودہ صورتحال پر 6 ملکی وزرائے خارجہ کے ورچوئل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں آپ سب کو افغانستان کے ہمسایوں کے پہلے وزارتی اجلاس میں شرکت پر خوش آمدید کہتا ہوں۔ میں دل کی گہرائیوں سے آپ کی تحسین کرتا ہوں کہ آپ سب نے افغانستان میں درپیش صورتحال پر علاقائی انداز فکر اختیار کرنے کی ہماری تجویز پر اپنے مثبت ردعمل کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہاکہ میں نمائندگان وخصوصی نمائندگان کا بھی شکریہ ادا کرتاہوں جن کی بھرپور محنت سے آج کے اجلاس کے لئے مضبوط بنیاد فراہم ہوئی۔ میں پرامید ہوں کہ آج کا ہمارا غوروخوض بارآور ثابت ہوگا۔

وزیرخارجہ پاکستان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند ہفتوں میں ہونے والی پیش رفتوں نے ہمارے خطے کو عالمی منظر نامے پر اجاگر کیاہے۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح صورتحال تبدیل ہوئی اس کے افغانستان، ہمارے خطے اور دنیا پر بھی اثرات ہوں گے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ان پیش رفتوں کی فوری اور غیر متوقع نوعیت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ بات اہم ہے کہ بڑے پیمانے پرخونریزی نہیں ہوئی، ساتھ ہی طویل تنازعات اور خانہ جنگی کے امکانات ٹل گئے۔

انہوں نے کہا کہ کم از کم اب تک بڑے پیمانے پر مہاجرین کا انخلا نہیں ہورہا تاہم ہر طرح سے صورت حال پیچیدہ ہے۔

یاد رہے کہ وزرائے خارجہ کا ورچوئل اجلاس پاکستان کی دعوت پر منعقد کیا گیا تھا ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اجلاس کی صدارت کی جبکہ اس ورچوئل اجلاس میں چین، ایران، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان کے وزرائے خارجہ شریک ہوئے تھے۔

The post قطر کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ آج پاکستان پہنچیں گے appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email